نسیم نکہت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بنجارے ہیں رشتوں کی تجارت نہیں کرتے (غزل)
بنجارے ہیں رشتوں کی تجارت نہیں کرتے
ہم لوگ دکھاوے کی محبت نہیں کرتے
ملنا ہے تو آ جیت لے میدان میں ہم کو
ہم اپنے قبیلے سے بغاوت نہیں کرتے
طوفان سے لڑنے کا سلیقہ ہے ضروری
ہم ڈوبنے والوں کی حمایت نہیں کرتے
کہیں دن گزر گیا ہے کہیں رات کٹ گئی ہے (غزل)
کہیں دن گزر گیا ہے کہیں رات کٹ گئی ہے
یہ نہ پوچھ کیسے تجھ بن یہ حیات کٹ گئی ہے
یہ اداس اداس موسم یہ خزاں خزاں فضائیں
وہی زندگی تھی جتنی ترے ساتھ کٹ گئی ہے
نہ تجھے خبر ہے میری نہ مجھے خبر ہے تیری
تری داستاں سے جیسے مری ذات کٹ گئی ہے
یہ ترا مزاج توبہ یہ ترا غرور توبہ
تری بزم میں ہمیشہ مری بات کٹ گئی ہے
ترے انتظار میں میں جلی خود چراغ بن کر
تری آرزو میں اکثر یوں ہی رات کٹ گئی ہے
نہ وہ ہم خیال میرا نہ وہ ہم مزاج میرا
پھر اسی کے ساتھ کیسے یہ حیات کٹ گئی ہے
یہ کتاب قسمتوں کی لکھی کس قلم نے نکہتؔ
کہیں پر تو شہہ کٹی ہے کہیں مات کٹ گئی ہے