پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نسیم بیگم نسیم کی غزلیں — Naseem Begum Naseem Ghazals

نسیم بیگم نسیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہے سزا کیسی دوا کے نام پر (غزل)

ہے سزا کیسی دوا کے نام پر

کاسہ لیسی ہے عطا کے نام پر

کلفتوں میں ہو گئی لمبی حیات

بد دعا آئی دعا کے نام پر

ہیں عطاؤں کے سلاسل اور ہم

قید زنداں ہے دیا کے نام پر

خون روتی ہے حیات نا مراد

بگڑے دل اک پیشوا کے نام پر

پھر رہی ہے موت کو لے کر وبا

درد بکھرا ہے ہوا کے نام پر

رہنماؤں کی عطا مت پوچھئے

مفلسی میں اک ردا کے نام پر

مٹ گئی ہے اپنی ہستی یوں نسیمؔ

حکم آئے التجا کے نام پر

راز دل کا یوں کھلا قرطاس پر (غزل)

راز دل کا یوں کھلا قرطاس پر

ایک آنسو گر گیا قرطاس پر

اک بھرم تھا یوں زباں نہ کھل سکی

اور سب کچھ کہہ دیا قرطاس پر

سچ کو دیکھا لفظ گونگے ہو گئے

کس طرح دیتی صدا قرطاس پر

تھیں ملاقاتیں بھی کاغذ کی طرح

ہو رہا ہے فاصلہ قرطاس پر

میری روداد غم الفت سنی

اور قلم بھی رو دیا قرطاس پر

آنے والوں کے جگر چھلنی نہ ہوں

لکھ دو ایسا فلسفہ قرطاس پر

لفظ صدیوں سے رہے نوحہ کناں

وقت سے میں نے کہا قرطاس پر

خامشی کی چیخ تھی لفظوں میں اور

درد نے سب کہہ دیا قرطاس پر

خود لکھا اور خود ہی خود کو پڑھ لیا

مل گیا ہے راستہ قرطاس پر

بس حقیقت تھی قلم تھا ہاتھ میں

ہو گیا سب آئنہ قرطاس پر

تو نے بھی دنیا سے منہ موڑا نسیمؔ

اور قلم بھی چل دیا قرطاس پر

مزید غزلیں از نسیم بیگم نسیم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں