پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Naseem Ansari کی غزلیں — Naseem Ansari Ghazals

Naseem Ansari کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مرے لبوں پہ آتے آتے کوئی بات تھک گئی (غزل)

مرے لبوں پہ آتے آتے کوئی بات تھک گئی

یہ کیا ہوا کہ چلتے چلتے کائنات تھک گئی

میں روشنی پہ زندگی کا نام لکھ کے آ گیا

اسے مٹا مٹا کے یہ سیاہ رات تھک گئی

میں زندگی کے فاصلوں کو ناپنے نکل پڑا

قریب منزل سفر مری حیات تھک گئی

بڑا کٹھن ہے دوستو خود اپنی ذات کا سفر

کبھی کبھی تو یوں ہوا کہ اپنی ذات تھک گئی

رہے جنوں کے حوصلے بلند سے بلند تر

خود آگہی ہزار بار دے کے مات تھک گئی

تڑپ تڑپ کے گزاری ہے رات کس سے کہیں (غزل)

تڑپ تڑپ کے گزاری ہے رات کس سے کہیں

ہزار کرب کی ماری ہے رات کس سے کہیں

اسے بھی ہجر کا صدمہ ہے دن کی چاہت ہے

کسے بتائیں کنواری ہے رات کس سے کہیں

غم فراق میں اک لطف بھی تو آتا ہے

بڑی عزیز ہے پیاری ہے رات کس سے کہیں

یہی ہے اپنا مقدر یہی نصیب بھی ہے

یہ دن ہمارا ہماری ہے رات کس سے کہیں

سحر ہوئی ہے مگر اب بھی ایسا لگتا ہے

وہی اندھیرا ہے جاری ہے رات کس سے کہیں

نہ نیند آنکھوں میں آئی نہ خواب آتے ہیں

مرے وجود پہ بھاری ہے رات کس سے کہیں

کسی کی یاد کا دامن پکڑ کے بیٹھ گئے

کچھ اس طرح سے سنواری ہے رات کس سے کہیں

یہ زندگی بھی فقط ایک شب کا قصہ ہے

تمام عمر پہ طاری ہے رات کس سے کہیں

نہیں ہے کوئی شکایت نسیم انصاریؔ

کہ حکم رب نے اتاری ہے رات کس سے کہیں

زمیں اب چلتے چلتے تھک چکی ہے (نظم)

زمیں اب چلتے چلتے تھک چکی ہے

سمندر خشک ہوتا جا رہا ہے

فلک بھی کتنا بوڑھا ہو چکا ہے

ستارے روشنی کھونے لگے ہیں

یہ سیارے جو گردش کر رہے ہیں

یہ سیارے زمیں پر آ گئے ہیں

بکھر جائے گا یہ شیرازہ اک دن

سبھی ذی روح سارے جانور انساں

یہ اک اک سانس مانگیں گے زمیں پر

بگڑ جائے گا جس دن بھی توازن

ہماری کائنات رنگ و بو کا

زمیں پر حسن فطرت کو نہ کچلو

یہ پوری نسل آدم کے لیے اک خودکشی ہے

مزید غزلیں از Naseem Ansari ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں