نسیم بھرتپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
شب فرقت قضا نہیں آتی (غزل)
شب فرقت قضا نہیں آتی
لاکھ کہتا ہوں آ نہیں آتی
چپ ہیں وہ سن کے شکوۂ اغیار
بات بھی تو بنا نہیں آتی
وہ تو وعدے پہ آ چکے اے موت
تو بھی آتی ہے یا نہیں آتی
کس مرض کی دوا ہیں آپ اگر
درد دل کی دوا نہیں آتی
شیشۂ دل ہے کس قدر نازک
ٹوٹنے کی صدا نہیں آتی
ہم ہیں آزادہ رو جہاں میں نسیمؔ
یاں ہوس کی ہوا نہیں آتی
ہم یار کی غیروں پہ نظر دیکھ رہے ہیں (غزل)
ہم یار کی غیروں پہ نظر دیکھ رہے ہیں
گو منہ پہ نہ لائیں گے مگر دیکھ رہے ہیں
منہ میری طرف ہے تو نظر غیر کی جانب
کرتے ہیں کدھر بات کدھر دیکھ رہے ہیں
کے روز رقیبوں سے نبھی رسم محبت
ہم بھی یہی اے رشک قمر دیکھ رہے ہیں
قاصد سے جو بیمار بہت مجھ کو سنا تھا
اخبار میں مرنے کی خبر دیکھ رہے ہیں
پرساں نہیں کوئی بھی نسیمؔ اہل ہنر کا
دنیا کی ہوا شام و سحر دیکھ رہے ہیں
مزید غزلیں از نسیم بھرتپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں