پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نسیم اختر کی غزلیں — Naseem Akhtar Ghazals

نسیم اختر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اتنی مشکل تو نہ تھی میری کتاب زندگی (غزل)

اتنی مشکل تو نہ تھی میری کتاب زندگی

کچھ الجھ کے رہ گیا ہے اب نصاب زندگی

زندگی لیتی ہے مجھ سے ایک اک پل کا حساب

تھک گئی ہوں دیتے دیتے میں حساب زندگی

مجھ کو پیش آتی رہی ہیں مشکلیں ہی مشکلیں

جان لیوا ہے الٰہی یہ عذاب زندگی

مجھ سے گر کوئی بھی پوچھے زندگی کیا چیز ہے

میں کہوں گی ایک دیوانے کا خواب زندگی

دل نے سرگوشی سی کی ہے سن مرے ہمدم ذرا

چھیڑ کے تو دیکھ کیسا ہے رباب زندگی

تجھ سے میں کیسے کہوں یہ بات میرے ہم نوا

یاد آتا ہے مجھے اکثر شباب‌ زندگی

کٹ گئی جیسے کٹی بس تو خدا کو یاد کر

اے نسیمؔ اب ڈھل رہا ہے آفتاب زندگی

لکھی تھی جو کہانی وہ کہانی یاد آتی ہے (غزل)

لکھی تھی جو کہانی وہ کہانی یاد آتی ہے

تمہارے پیار کی مجھ کو نشانی یاد آتی ہے

بہاروں کا سماں سا ہے بھرے گلشن میں دیکھو تو

گلابوں کی وہ رت اکثر سہانی یاد آتی ہے

کہی ہے جو غزل میں نے اسی کے نام کر دی ہے

ہمیں اب اس کے لہجے کی روانی یاد آتی ہے

کہاں سے لاؤں خون دل تمہیں اب یاد کرنے کو

میں جب سوچوں تو اس دل میں پرانی یاد آتی ہے

نسیمؔ اخترؔ کہاں ہیں اب وہ جذبوں سے بھری راتیں

ہمیں اب اپنے اشکوں کی روانی یاد آتی ہے

مزید غزلیں از نسیم اختر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں