پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Najma Tasadduq کی غزلیں — Najma Tasadduq Ghazals

Najma Tasadduq کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کرم تیرا کہ سوز جاودانی لے کے آئی ہوں (غزل)

کرم تیرا کہ سوز جاودانی لے کے آئی ہوں

مگر یہ کیا کہ میں اک عمر فانی لے کے آئی ہوں

یہ کس کافر کی محفل ہے کہ جس میں نذر کرنے کو

میں دل کی دھڑکنیں آنکھوں کا پانی لے کے آئی ہوں

یہ دنیا یہ خلوص و عشق کے رنگ آفریں نغمے

بیاباں میں گلستاں کی کہانی لے کے آئی ہوں

بھڑک کر شعلہ بن جائے کہ بجھ کر راکھ ہو جائے

ہوا کی زد پہ شمع زندگانی لے کے آئی ہوں

اگر چاہوں یہ دنیا پھونک ڈالوں اپنے نغموں سے

کہ میں سانسوں میں شعلوں کی روانی لے کے آئی ہوں

مرا دل بھی ہے محسوسات کا آتش کدہ آخر

عجب کیا ہے جو ذوق شعر خوانی لے کے آئی ہوں

ضیا اندوز ہوں اک آسمانی نور سے نجمہؔ

زمیں پر چاند تاروں کی جوانی لے کے آئی ہوں

لرزاں میں جو روح کے پردوں میں انوار لٹائے جاتی ہوں (غزل)

لرزاں میں جو روح کے پردوں میں انوار لٹائے جاتی ہوں

ہستی کے ذرے ذرے کو خورشید بنائے جاتی ہوں

کچھ نکھرے نکھرے گیت ہیں جو ہونٹوں سے برستے رہتے ہیں

اک میٹھی میٹھی آگ ہے جو ہر سو بھڑکائے جاتی ہوں

خود اپنی لے کو سنتی ہوں خوش ہوتی ہوں سر دھنتی ہوں

اشعار میں ڈھال کے اشکوں کو مستی میں گائے جاتی ہوں

دل اکثر چوٹیں سہتا ہے اور چپ چپ روتا رہتا ہے

گو سر تا پا غم ہوں لیکن ہنستی ہوں ہنسائے جاتی ہوں

موہوم سی ایک تمنا کی خاطر یہ حوادث توبہ ہے

پھولوں کی محبت میں کانٹے آنکھوں سے لگائے جاتی ہوں

کیا جانے کس سے کہتی ہوں خوابوں کے سنہرے افسانے

ٹھہرو کہ ابھی میں آتی ہوں ٹھہرو کہ بن آئے جاتی ہوں

معلوم کبھی یہ ہوتا ہے محصور ہوں چاند ستاروں میں

محسوس کبھی یہ کرتی ہوں ذروں میں سمائے جاتی ہوں

نجمہؔ پھر سندر سپنوں میں بننے لگے قصر امیدوں کے

پھر ریت کے گرتے ساحل پر بنیاد اٹھائے جاتی ہوں

چھا رہی ہے مہیب خاموشی (نظم)

چھا رہی ہے مہیب خاموشی

بے کراں سی عجیب خاموشی

وقف حرمان و یاس بیٹھی ہوں

آہ کتنی اداس بیٹھی ہوں

دل میں کچھ نقش جگمگاتے ہیں

جس طرح خواب جھلملاتے ہیں

وہ ستم کاریاں یگانوں کی

سرد مہری وہ مہربانوں کی

کڑوی کڑوی بری بری باتیں

زہر میں وہ بجھی بجھی باتیں

چند دم توڑتے ہوئے نغمے

چند سائے سے آرزوؤں کے

زیست کی کائنات ہے ساری

زندگی ایک رات ہے ساری

رات اور موسم خزاں کی رات

رنج و آلام بے کراں کی رات

قبر سے بھی زیادہ تیرہ و تار

ہر نفس ایک آرزو کا مزار

تیرگی میں جہان کھویا سا

درد اک گیت میں سمویا سا

بجھ گئی شمع آرزؤں کی

دل میں اب داغ بھی نہیں کوئی

آہ دشواریاں غریبی کی

ہائے خودداریاں غریبی کی

مزید غزلیں از Najma Tasadduq ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں