پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نجمہ شاہین کھوسہ کی غزلیں — Najma Shaheen Khosa Ghazals

نجمہ شاہین کھوسہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

محبتوں کا صلہ نہیں ہے (غزل)

محبتوں کا صلہ نہیں ہے

لبوں پہ حرف دعا نہیں ہے

نہیں وہ تصویر پاس میرے

سو ہاتھ میرا جلا نہیں ہے

میں اپنی لو میں ہی جل رہی ہوں

جو بجھ گیا وہ دیا نہیں ہے

بس اک پیالی ہے میز پر اور

وہ منتظر اب مرا نہیں ہے

لکھا جنم دن پہ اس کو میں نے

وہ خط بھی اس کو ملا نہیں ہے

میں کس لیے پار جاؤں شاہینؔ

وہاں مرا نا خدا نہیں ہے

ابتدا درد ہے انتہا درد ہے (غزل)

ابتدا درد ہے انتہا درد ہے

عشق کا درد تو لا دوا درد ہے

میں نے پوچھا وفا کا صلہ جو کبھی

اس نے ہنس کر یہ مجھ سے کہا درد ہے

پیار سے عشق تک جا بجا روشنی

پیار سے عشق تک جا بجا درد ہے

یہ نیا پھول ہے اور یہ خوشبو نئی

یہ نئی شام ہے اور نیا درد ہے

زخم کیسا ہے بھرتا نہیں ہے کبھی

درد ہوتا نہیں ہے یہ کیا درد ہے

میں تو ڈرنے لگی اس کی تعبیر سے

پیار آنکھوں میں جب سے بنا درد ہے

ایک پل میں کہاں کھو گئی ہے خوشی

اب تو الفت کی بس اک سزا درد ہے

چھوڑ شاہیںؔ وفا کا تو اب تذکرہ

بے وفا ہے خوشی با وفا درد ہے

بہت سے لوگ کہتے ہیں (نظم)

بہت سے لوگ کہتے ہیں

کہ رشتے گر ضرورت سے جڑے ہوں تو

وہ اکثر ٹوٹ جاتے ہیں

ضرورت پوری ہونے پر ضرورت مند اک دوجے سے اکثر روٹھ جاتے ہیں

مگر یہ بھی حقیقت ہے

کہ یہ دنیا ضرورت ہے

یہاں پر سانس لینا بات کرنا

ساتھ چلنا اور دھڑکنا

ہنستے ہنستے ایک دم خاموش ہونا

اور پھر چپکے سے رونا

یاد رکھنا بھول جانا

بھول جانے پر کسی کو یاد کر کے مسکرانا سب ضروری ہے

کسی کا نام لکھ کر ڈایری کو خود چھپانا

گیت لکھنا گنگنانا

خواب تکنا راہ تکنا

اور پھر اک دن کسی کی راہ میں چپکے سے مرنا سب ضروری ہے

یہاں سب کچھ ضرورت ہے

یہاں سب کچھ ضروری ہے

سو تم مانو نہ مانو

بس مجھے تو اچھا لگتا تھا

وہ جب بھی مجھ سے کہتا تھا

مجھے تیری ضرورت ہے

محبت اک ضرورت ہے

یہی تو اک عبادت ہے

ریاضت ہی ریاضت ہے

مزید غزلیں از نجمہ شاہین کھوسہ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں