پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نجمہ عثمان کی غزلیں — Najma Usman Ghazals

نجمہ عثمان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

رفاقت کو کسی کی رو رہی ہوں (غزل)

رفاقت کو کسی کی رو رہی ہوں

بھری محفل میں تنہا ہو رہی ہوں

ہر اک چہرہ بدلتا جا رہا ہے

میں خائف آئنوں سے ہو رہی ہوں

سنو میں زندگی کی ظلمتوں میں

صداقت کے اجالے بو رہی ہوں

ہوا کے دکھ کی چادر اوڑھ لی ہے

بچھا کر آنسوؤں کو سو رہی ہوں

مری مٹی کو شاید نرم رکھیں

لہو سے لفظ لکھ کر بو رہی ہوں

بجھا کر ساری خوشیاں بام و در کی

میں اک ویران گھر میں سو رہی ہوں

کس نے اپنا دل جلایا رات کی دہلیز پر (غزل)

کس نے اپنا دل جلایا رات کی دہلیز پر

کون ہے نغمہ سرا صدمات کی دہلیز پر

اے خدا آسودگی کا ایک لمحہ میرے نام

عمر گزری ہے مری خدشات کی دہلیز پر

عمر بھر اس دھوپ میں بے سائباں میں بھی رہی

منتظر وہ بھی رہا حالات کی دہلیز پر

کون زیور چاہتوں کے اور ٹوٹی چوڑیاں

رکھ گیا ہے ایک بچھڑی رات کی دہلیز پر

مزید غزلیں از نجمہ عثمان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں