پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Najma Ansar کی غزلیں — Najma Ansar Ghazals

Najma Ansar کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

لہو کا ہنر آزماتے رہیں گے (غزل)

لہو کا ہنر آزماتے رہیں گے

چراغ آندھیوں میں جلاتے رہیں گے

زمانہ ستم ہم پہ ڈھاتا رہے گا

ہر اک غم پہ ہم مسکراتے رہیں گے

سماں ہو خوشی کا یا غم کا ہو موسم

ہم اپنا فسانہ سناتے رہیں گے

رہیں گے رواں میری آنکھوں سے آنسو

ستارے یوں ہی جھلملاتے رہیں گے

نہ بدلے گی جب تک فضا گلستاں کی

ہم اپنے لہو میں نہاتے رہیں گے

مسلط کہاں تک رہیں گے اندھیرے

مرے زخم دل جگمگاتے رہیں گے

محبت کے دشمن ہیں جتنے بھی نجمہؔ

انہیں آئنہ ہم دکھاتے رہیں گے

ہر ایک سمت ہے چھایا سکوت کا منظر (غزل)

ہر ایک سمت ہے چھایا سکوت کا منظر

دھڑک رہا ہے مگر زلزلہ مرے اندر

زمیں کا ظرف فلک کا وقار رکھتے ہیں

زمیں نژاد سہی آسمان پر ہے نظر

ڈرا نہ پائیں گے ہم کو یہ سرپھرے طوفاں

کہ موج عزم تو جا کر رکے گی ساحل پر

تجھے یہ ناز کہ مریخ تک تو جا پہنچا

مگر نظر نہیں آتا ہے تجھ کو اپنا گھر

یہ ظلمتوں کے پجاری ہیں ان سے کچھ نہ کہو

دکھائی دیتے ہیں باہر سے آئنہ پیکر

گزر رہی ہے عجب کشمکش میں میری حیات

نہ چین گھر کے ہے اندر نہ گھر کے ہے باہر

عجیب شہر کا عالم ہے آج اے نجمہؔ

نہ سامنے کوئی منظر نہ اب ہے پس منظر

مزید غزلیں از Najma Ansar ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں