نجم عثمانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زباں خموش ہے معدوم ہو گئی آواز (غزل)
زباں خموش ہے معدوم ہو گئی آواز
نہ جانے کون سے صحرا میں کھو گئی آواز
پرانی یادوں کی دہلیز پر کھڑا ہوں میں
تمام دامن دل کو بھگو گئی آواز
بھٹک رہا ہوں میں کب سے سراب کے پیچھے
قریب آ کے بہت دور ہو گئی آواز
تمام شکوے گلے ختم ہو گئے پل میں
پھر آج داغ جدائی کے دھو گئی آواز
سمجھ سکے گا یہاں کون آنسوؤں کی زباں
جو دل میں درد اٹھا بند ہو گئی آواز
خواب کی تعبیر دیوانہ بنائے گی مجھے (غزل)
خواب کی تعبیر دیوانہ بنائے گی مجھے
پھر چمکتی ریت صحرا میں بلائے گی مجھے
میرا سارا زہر اس کے جسم میں بھر جائے گا
زندگی جب اپنے سینے سے لگائے گی مجھے
آج پھر اک نوجواں لڑکی مرے پہلو میں ہے
آج پھر تیری محبت یاد آئے گی مجھے
میں بھٹکتا ہی رہوں گا کھنڈروں میں عمر بھر
زندگی بس ایک ہی منظر دکھائے گی مجھے
میں دیا بے تیل کا ہوں خود بخود بجھ جاؤں گا
نجمؔ طوفانی ہوا کیا آزمائے گی مجھے
مزید غزلیں از نجم عثمانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں