ناہید اختر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
رستے سارے بھول چکی ہوں (غزل)
رستے سارے بھول چکی ہوں
اپنی ذات کی بند گلی ہوں
جو ہے دل میں وہ ہے زباں پر
آئینے کی طرح کھری ہوں
دل جو چاہے عقل نہ مانے
میں بھی کس چکر میں پڑی ہوں
پتھر برساتے موسم میں
شیشے سے سر ڈھک کے چلی ہوں
اس پاگل ناہیدؔ کے ہاتھوں
کہاں کہاں نہ خوار ہوئی ہوں
ہے خار خار جہاں نرم نرم خو رکھیو (غزل)
ہے خار خار جہاں نرم نرم خو رکھیو
ہتھیلیوں میں گلابوں کے رنگ و بو رکھیو
گنوا نہ دیجیو سب شہر دل نگاراں میں
بچا کے تھوڑی سی صہبائے آرزو رکھیو
وہ لوگ جو ہیں تعصب کی تیرگی کے اسیر
جلا کے دل کا دیا ان کے روبرو رکھیو
پروں سے پیٹتی سر کو چلی گئی بلبل
الٰہی میرے چمن کی تو آبرو رکھیو
کہ ریزہ ریزہ بکھر جائے گی تمہاری ذات
زمانہ سنگ ہے نہ آئنے کی خو رکھیو
جو کہہ رہی ہیں غزل رنگ میرؔ میں ناہیدؔ
تو اس کے رتبے کی للہ آبرو رکھیو
مزید غزلیں از ناہید اختر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں