پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ناہید ورک کی غزلیں — Naheed Virk Ghazals

ناہید ورک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عذاب ہجر سے انجان تھوڑی ہوتا ہے (غزل)

عذاب ہجر سے انجان تھوڑی ہوتا ہے

یہ دل اب اتنا بھی نادان تھوڑی ہوتا ہے

یہ زندگی ہے بہت کچھ یہاں پہ ممکن ہے

کہ کچھ نہ ہونے کا امکان تھوڑی ہوتا ہے

یہ دل کے زخم چھپا کر جو مسکراتے ہیں

تو میرے دوست یہ آسان تھوڑی ہوتا ہے

کبھی کبھار تو بدعت بھی ہو ہی جاتی ہے

ہر ایک لمحہ ترا دھیان تھوڑی ہوتا ہے

وہ جس کے پاس محبت بھی ہو، وفا بھی ہو

بھلا وہ بے سر و سامان تھوڑی ہوتا ہے

تری وفا میں کمی کچھ تو آئی ہے کہ یہ دل

بلا جواز پریشان تھوڑی ہوتا ہے

ادھر ادھر سے دلیلیں اٹھانی پڑ جائیں

جو اتنا کچا ہو، ایمان تھوڑی ہوتا ہے

کوئی ایسا کمال ہو جائے (غزل)

کوئی ایسا کمال ہو جائے

ہجر سارا وصال ہو جائے

ایک اک لمحہ تیری قربت کا

زندگی کا جمال ہو جائے

آیتوں کی طرح خیال ترا

اترے اور مجھ پہ ڈھال ہو جائے

باندھ لوں خود کو دھیان سے تیرے

اور بچاؤ محال ہو جائے

آنکھ بیداریوں میں کھو جائے

رت جگوں کی مثال ہو جائے

تیری خوشبو حد وجود میں ہو

اور تکمیل حال ہو جائے