پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Naheed Kausar کی غزلیں — Naheed Kausar Ghazals

Naheed Kausar کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خوابوں کے محل ٹوٹ کے گر جاتے ہیں اکثر (غزل)

خوابوں کے محل ٹوٹ کے گر جاتے ہیں اکثر

پھر ان سے ہی دن اپنے سنور جاتے ہیں اکثر

اے باد صبا ان کو یہ پیغام مرا دے

کیوں چھپ کے مری رہ سے گزر جاتے ہیں اکثر

دنیا میں ہر اک شے ہے فقط تیری کمی ہے

نقشے تری یادوں کے ابھر جاتے ہیں اکثر

وہ ناز اٹھانے کے تو قائل ہی نہیں ہیں

پھر ہم بھی خفا ہو کے بپھر جاتے ہیں اکثر

کوثرؔ ترے مے خانے میں ساغر نہ سبو ہے

پھر کیوں یہاں مے نوش ٹھہر جاتے ہیں اکثر

ہوا کی ہلکی سی آہٹ پہ یوں مچل جانا (غزل)

ہوا کی ہلکی سی آہٹ پہ یوں مچل جانا

امید وصل پہ بسمل کا پھر سنبھل جانا

نہ آ رہے تھے نہ آنا تھا اور نہ امکاں تھا

یہ زعم دل تھا یا قسمت کا یوں بدل جانا

یہ دل پہ بوجھ ہے دردوں کا یا تری یادیں

یا آبلوں کا حرارت سے ہے پگھل جانا

تری تلاش میں اٹھ اٹھ کے پاگلوں کی طرح

شب فراق میں گھر سے کہیں نکل جانا

یہ جانتے ہیں کہ ممکن نہیں تو لوٹ آئے

شعار دل ہے تری یاد سے بہل جانا

تری امید کا جب سر سے اٹھ گیا آنچل

تو فصل گل میں تھا یکسر خزاں میں ڈھل جانا

ابھی تھی تیرے سفینے کی منتظر کوثرؔ

عجب لگا ترے ساحل سے یوں پھسل جانا

مزید غزلیں از Naheed Kausar ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں