ناہید عزمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اندر سے دل چاٹ رہی جو لہجے کی مغروری تھی (غزل)
اندر سے دل چاٹ رہی جو لہجے کی مغروری تھی
اچھی طرح تم جان گئے ہو عشق مری مجبوری تھی
ہم نے تم سے عشق کیا اور عشق بھی پوری شدت سے
یہ آدھا اظہار ہمارا لفظوں کی معذوری تھی
چار دنوں میں سات جنم کو جینے والے سنتا جا
سات جنم کا ساتھ ہمارا چار دنوں کی دوری تھی
بھول آئی ہوں جتنے لمحے اے شب ہجراں واپس دے
وصل کی خواہش کرنا میری سچ میں اک مجبوری تھی
اپنا ہونا چھوڑ آئی ہوں میں اس کے دروازے پر
اتنی بات بتا کر پلٹی جتنی بات ضروری تھی
میری غزلوں کا ہر قافیہ مسترد (غزل)
میری غزلوں کا ہر قافیہ مسترد
آپ ہوں سامنے آئنہ مسترد
جان بچ جائے تو حادثہ مسترد
سر پٹختی ہوا کا نشہ مسترد
شاعری واعری دیکھتا کون ہے
حسن جب تک نہ ہو شاعرہ مسترد
تو مرے ساتھ ہو اور دنیا بھی ہو
اس مثلث کا اک زاویہ مسترد
زندگی لاکھ قدموں میں پڑتی رہی
کر دیا اس کا ہر فیصلہ مسترد
تجھ پہ میرا یقیں اس قدر بے اٹل
ذہن و دل کا ہر اک وسوسہ مسترد
ہم ترے غم کی تلخی سے ہیں آشنا
اب نیا کوئی بھی ذائقہ مسترد
رب اکبر کا ہر فیصلہ دل کشا
جا نجومی ترا زائچہ مسترد
چلو ہم یاد کرتے ہیں سہانی رت کہ جس میں ہم کبھی تتلی پکڑتے تھے (نظم)
چلو ہم یاد کرتے ہیں سہانی رت کہ جس میں ہم کبھی تتلی پکڑتے تھے
کبھی جگنو کو مٹھی میں شرارت سے چھپاتے تھے
کبھی رنگین برکھا میں
کسی بچے کی صورت ناؤ پانی میں بہاتے تھے
کبھی ہم بند جھولی میں ہزاروں سیپیاں لے کر گھروندوں کو سجاتے تھے
مگر سفاک موجیں جب گھروندے کو بہاتی تھیں
بہت دلگیر ہوتے تھے بہت ناشاد رہتے تھے
ہمیں اب یاد کرنے دو
تمہارے ہاتھ کو تھامے
بڑی لمبی مسافت میں بہت پر لطف رہتے تھے
کبھی ہم چاندنی راتوں میں ننگے پاؤں ساحل پہ کھڑے ہو کر حسیں لمحے چراتے تھے
تمہارے ہاتھ پر پہروں ہم اپنا نام لکھتے تھے
مگر اب تو
ہمیں دن بھر
ذرا بھی سانس لینے کی کہاں فرصت میسر ہے
تمہارے نام کو سوچیں
تمہاری یاد کو کھوجیں
اگر کچھ یاد رکھنا ہے بس اتنا یاد رکھنا ہے
تمہاری یاد کے نیلم سمندر برد کرنے ہیں
اماوس رات سے ہم کو بہت ہی خوف آتا ہے
تو ہم ساحل سے خالی ہاتھ واپس لوٹ آتے ہیں
نہ اب ناؤ بہاتے ہیں نہ اب ساون مناتے ہیں
سنو یخ بستہ راتوں میں
کسی آتش کدے کے پاس بیٹھے ہم
ہتھیلی پر بہت ہی غور سے نظریں جماتے ہیں
تو زیر لب بہت زخمی ادا سے مسکراتے ہیں
مگر یہ بات بھی سچ ہے
کہ میرے ہاتھ کی ریکھا پہ تیرا نام ہی کب تھا