Naghmana Kanwal کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہمیں بھی آ گیا آخر کسی غم کو چھپا دینا (غزل)
ہمیں بھی آ گیا آخر کسی غم کو چھپا دینا
کوئی دل کی اگر پوچھے ذرا سا مسکرا دینا
میں اپنے دل میں رکھتی ہوں محبت کرنے والوں کو
کبھی سیکھا نہیں میں نے نگینوں کو گنوا دینا
اگر خالی ہوں دونوں ہاتھ بھی پھیلا نہیں سکتی
کہ جو خود ہی سوالی ہو مجھے پھر اس نے کیا دینا
کسی کی پیاس نے سمجھا دیا ہے زندگی کرنا
کبھی زخموں پہ لب رکھنا کبھی آنسو بہا دینا
کسی کی یاد کا دیپک اگر بجھنے لگے جانم
مرے سوئے ہوئے زخموں کو ٹھوکر سے جگا دینا
ہمارے پیار کا سورج اگر اب ڈوب بھی جائے
مرے حصے کی کرنوں کو کسی دل میں چھپا دینا
میری کشتی کے بادباں ٹوٹے (غزل)
میری کشتی کے بادباں ٹوٹے
ناخداؤں پہ آسماں ٹوٹے
وہ جو سپنے تھے میرے بچپن کے
دیکھیے آ کے وہ کہاں ٹوٹے
زندگی کے بھرم تھے جتنے بھی
سب کے سب آج ناگہاں ٹوٹے
کیسی کروٹ زمین نے بدلی
کچے پکے سبھی مکاں ٹوٹے
بول کتنے مری دعاؤں کے
تیرے لہجے سے مہرباں ٹوٹے
یاد آتا ہے ٹوٹنا دل کا
جب کوئی برگ ناتواں ٹوٹے
کس کو معلوم ہے بھلا اے کنولؔ
ڈور سانسوں کی کب کہاں ٹوٹے
اس طرح چھو کے گزرتی ہے تری یاد مجھے (نظم)
اس طرح چھو کے گزرتی ہے تری یاد مجھے
جیسے اقرار کے لمحوں کو حیا چھوتی ہے
جیسے گھلتا ہے گھٹاؤں کا بدن پانی میں
جیسے پھولوں کی قباؤں کو صبا چھوتی ہے
جیسے دم توڑتی روحوں سے گلے آس لگے
جیسے مظلوم کے ہونٹوں کو دعا چھوتی ہے
جیسے سورج کی کرن چوم لے رخ دھرتی کا
جیسے سجدے کی ضیا نور خدا چھوتی ہے