ناہید اختر بلوچ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نیند ذرا سی جب بھی آنے لگتی ہے (غزل)
نیند ذرا سی جب بھی آنے لگتی ہے
یاد تمہاری شور مچانے لگتی ہے
ساتھ ملاتے ہیں آواز پرندے بھی
ہوا مجھے جب گیت سنانے لگتی ہے
دیکھ کے کھڑکی سے بارش کو پاگل لڑکی
آج بھی دو کپ چائے بنانے لگتی ہے
سانپ مجھے اب اکثر اوپر کھینچتا ہے
سیڑھی جب بھی مجھے گرانے لگتی ہے
کمرے میں زنجیر سے جکڑی تنہائی
ڈائن بن کے مجھ کو کھانے لگتی ہے
پچھلے چہروں کو دفنا کے مٹی میں
آنکھ نیا اک عکس اگانے لگتی ہے
کچے پکے آم سہم سے جاتے ہیں
جب بھی چڑیا شاخ ہلانے لگتی ہے
اس کی آنکھ میں آنکھیں ڈال کے دیکھنا تم
دنیا کیسے آنکھ چرانے لگتی ہے
ہاتھ میں لے کر سورج کا نارنجی البم
شام وہ فوٹو کسے دکھانے لگتی ہے
دروازے پہ آن رکے باراتی تب
دلہن اک تصویر جلانے لگتی ہے
مجھ کو پاس بٹھا کے ماں کی خاموشی
سارے دل کے راز بتانے لگتی ہے
میرے آنچل پہ ست رنگی کرنوں سے
روشنی کوئی پھول بنانے لگتی ہے
ایک ستارہ ٹوٹ گیا ہے (غزل)
ایک ستارہ ٹوٹ گیا ہے
کیوں لگتا ہے خالی چاند
چھپن چھپائی کھیل رہے ہیں
ایک پیڑ کی ڈالی چاند
تیرے روپ کا درشن مانگے
کب سے کھڑا سوالی چاند
لال گرم انگارہ سورج
ایک سنہری تھالی چاند
تجھ کو اس سے ڈر نہیں لگتا
رات ہے کیسی کالی چاند
میرے آنگن تو نہیں اترا
سب نے عید منا لی چاند
میرا چاند مقابل میرے
تجھ سے نظر ہٹا لی چاند
آدھی روٹی (نظم)
آدھی روٹی
بستر کے آخری کونے
ایک چھٹانک محبت
دو گز چادر
اور تین چٹکی عزت
کے عوض عورت نے
ایک ادھورے مرد کو
اپنی پوری حیات میں شریک کر لیا