Nafis Parvez کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جاتے جاتے رسم دوری یوں نبھاتے جائیے (غزل)
جاتے جاتے رسم دوری یوں نبھاتے جائیے
بے وفائی کی کوئی تہمت لگاتے جائیے
پوچھنے والے تو پوچھیں گے جدائی کا سبب
کیا کہیں گے ہم زمانہ سے بتاتے جائیے
دیکھ لینا غیر اپنے سے لگیں گے آپ کو
بس ذرا سا دوستوں کو آزماتے جائیے
منزلوں کی جستجو میں آپ کے بڑھتے قدم
گر کہیں کانٹے ملیں دامن بچاتے جائیے
چار دن کی زندگی میں چند خوشیاں ہیں سہی
غم بھلا کر ان کی خاطر مسکراتے جائیے
گر یہ دل کا مکان ہے خالی (غزل)
گر یہ دل کا مکان ہے خالی
ساری دنیا جہان ہے خالی
زندگی میں نہیں رہے میلے
حسرتوں کی دکان ہے خالی
چاند جانے کہاں پہ کھو آئے
دور تک آسمان ہے خالی
مرحلے اور آنے والے ہیں
یہ تو اک امتحان ہے خالی
مچھلیاں شرم سے مری ہوں گی
کانچ کا مرتبان ہے خالی
ہم تو خادم ہیں آپ مالک ہیں
یہ سیاسی بیان ہے خالی
یہ نہ سمجھیں کہ دل سے خالی ہیں
بس زباں صاحبان ہے خالی
زندگی سے ابھی نہیں ہارے
بس ذرا سی تکان ہے خالی