Nafeesa Sultana Ana کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آپ کے خوں میں اداکاری کہاں سے آ گئی (غزل)
آپ کے خوں میں اداکاری کہاں سے آ گئی
آپ ناداں تھے سمجھ داری کہاں سے آ گئی
اس چمن کے پیڑ پودے ہم نے سینچے خون سے
آپ کے ہاتھوں میں یہ آری کہاں سے آ گئی
جن بزرگوں نے لٹائے جان و دل اسلام پر
ان کے بچوں میں یہ غداری کہاں سے آ گئی
درد اذیت قتل و غارت آپ کا شیوہ رہا
پھر اچانک یہ رواداری کہاں سے آ گئی
روٹھنا پیہم منانا چھوڑ جانا راہ میں
آپ میں جانے اداکاری کہاں سے آ گئی
اس نے دیکھا پیار سے تو مل گئی راحت مجھے
میں تھی حیراں اس میں دل داری کہاں سے آ گئی
اے اناؔ تم مت گرانا اپنے ہی کردار کو
ان کو کہنے دو کہ خود داری کہاں آ گئی
آخرش آ گئے عیادت کو ان کو توفیق ہو گئی شاید (غزل)
آخرش آ گئے عیادت کو ان کو توفیق ہو گئی شاید
سخت بیمار میرے ہونے کی آج تصدیق ہو گئی شاید
میں چلی لے کے اپنے آنچل میں پیار چاہت وفا کے گل بوٹے
ٹوٹی امید پھول مرجھائے دل میں تفریق ہو گئی شاید
گدیاں غاصبوں کے قبضے میں عدلیہ مجرموں کی مٹھی میں
ہے سیاست کے جال میں منشور پھر سے توثیق ہو گئی شاید
صرف ملکوں ہی پر نہیں موقوف سرحدیں تو دلوں میں ہیں موجود
بٹ گئے مال و زر کہیں ماں باپ اس کی تصدیق ہو گئی شاید
در حقیقت جو مجھ میں زندہ ہے میرے اللہ کا کرشمہ ہے
جس انا کا وجود تھا ہی نہیں اس کی تخلیق ہو گئی شاید
مرے شہر میں مری آخری (نظم)
مرے شہر میں مری آخری
وہ عجیب شب تھی وصال کی
کہ چمن میں چھایا دھواں سا تھا
کہاں شبنمی وہ بہار تھی
وہ چنبیلی خوشبو بکھیرتی
وہ بھری سی شاخیں گلاب سی
کہ ہر ایک پتی تھی نوحہ خواں
تھی کلی کلی بھی نڈھال سی
تھے وہ مجھ سے جیسے گلہ کناں
میں چلی ہوں کیوں انہیں چھوڑ کے
تھیں لرزتی کانپتی ڈالیاں
کہ لبوں پہ سب کے تھے مرثیے
یہ بیان کرتے تھے پیرہن
ہمیں خود سے تم نہ جدا کرو
تری خوشبوؤں میں بسے ہیں ہم
ہمیں اپنے ساتھ ہی لے چلو
تھا عجیب شور سا ہر طرف
کہ سماعتیں بھی لرز گئیں
مری سسکیاں مری آہیں بھی
مرے دل میں خوف سے جا چھپیں
نہ سمے رکا نہ میں رک سکی
کہ وطن ہی مجھ سے بچھڑ گیا
وہی مٹی جس کا خمیر تھی
وہی شہر مجھ سے بچھڑ گیا