نفیس وارثی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پیار کے بدلے پیار دیں گے مجھے (غزل)
پیار کے بدلے پیار دیں گے مجھے
میرے اپنے ہی مار دیں گے مجھے
شوق کس کو ہے بوجھ ڈھونے کا
آگے جا کر اتار دیں گے مجھے
کام جن کے نہیں میں آؤں گا
گالیاں وہ ہزار دیں گے مجھے
ایک مدت سے جیب خالی ہے
لوگ کب تک ادھار دیں گے مجھے
میں بھی ہو جاؤں گا کسی قابل
طنز ان کے نکھار دیں گے مجھے
ایک مدت سے ان کا نوکر ہوں
جانے کب وہ پگار دیں گے مجھے
دوست سب مہربان ہیں مجھ پر
اپنا مارا شکار دیں گے مجھے
عشق کی پہلے اسٹڈی کرنا (غزل)
عشق کی پہلے اسٹڈی کرنا
بعد میں یار شاعری کرنا
چاند سمجھو چراغ یا جگنو
کام میرا ہے روشنی کرنا
تم کو دکھ جائے کوئی تم سا جب
دوڑ کر اس سے دوستی کرنا
دل دہلتے ہیں آگ میں دن رات
کتنا مشکل ہے دشمنی کرنا
بے وفا شخص ہاتھ ملتا ہے
چھوڑ دے یار رہزنی کرنا
موسمی پھل کے مثل ہے لڑکی
پیار بھی اس سے موسمی کرنا
آپ کے ہاتھ کا یہ سودا ہے
بات بھی اس سے آپ ہی کرنا
صرف اتنا ہے کام اس کا نفیسؔ
میرے کمرے میں روشنی کرنا