پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Nafees Taqi کی غزلیں — Nafees Taqi Ghazals

Nafees Taqi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہر کسی در پہ کہاں سجدہ روا رکھتے ہیں (غزل)

ہر کسی در پہ کہاں سجدہ روا رکھتے ہیں

ہم موحد ہیں فقط ایک خدا رکھتے ہیں

وہ کڑی دھوپ میں رحمت کی گھٹا رکھتے ہیں

سر پہ ماں باپ کی جو لوگ دعا رکھتے ہیں

داغ دامن پہ نہیں نقش وفا رکھتے ہیں

ہم محبان وطن اجلی قبا رکھتے ہیں

زخم جو تو نے دیا دل میں سجا رکھتے ہیں

لذت کرب کے ناخن سے ہرا رکھتے ہیں

تم تو پھر اپنے ہو اپنوں سے عداوت کیسی

ہم تو دشمن پہ بھی دروازہ کھلا رکھتے ہیں

جگمگا اٹھتا ہے تاریک مقدر ان کا

خون اپنا جو چراغوں میں بھرا رکھتے ہیں

ہمارے دور کے سانچے میں ڈھل سکو تو چلو (غزل)

ہمارے دور کے سانچے میں ڈھل سکو تو چلو

تم اپنے خول سے باہر نکل سکو تو چلو

افق کے پار اجالے بلا رہے ہیں تمہیں

تم اپنی رات کی قسمت بدل سکو تو چلو

نہ جانے کتنے بگولے ہماری راہ میں ہیں

مزاج تیز ہوا کا بدل سکو تو چلو

حیات نام ہے لمحوں کی بازیابی کا

اڑان بھر کے جو آگے نکل سکو تو چلو

فلک کے زاویے جب جب (نظم)

فلک کے زاویے جب جب

نئی تشکیل پائیں گے

ستاروں کی تنک تابی

زمیں کو آنکھ بخشے گی

اڑیں گے خاکداں سے پھر

کئی ذرے خلاؤں میں

جو پوشیدہ ہیں فطرت کے

وہ سب اسرار کھولیں گے

زمیں کے جتنے منظر ہیں

ستاروں پر اتاریں گے

وہ لمحے کل جو آئیں گے

نیا سورج اگائیں گے

مزید غزلیں از Nafees Taqi ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں