پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Nafees Ghazipuri کی غزلیں — Nafees Ghazipuri Ghazals

Nafees Ghazipuri کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ڈھل گئی رات تو نشہ بھی اتر جائے گا (غزل)

ڈھل گئی رات تو نشہ بھی اتر جائے گا

سوچنا یہ ہے جنوں اپنا کدھر جائے گا

شمع امید نہ رکھ تیز ہوا میں ورنہ

جلتے خوابوں کا دھواں آنکھ میں بھر جائے گا

ہوں گے روشن کسی دہلیز پہ آنکھوں کے چراغ

شام ہوتے ہی کوئی لوٹ کے گھر جائے گا

رنگ و بو وقت کے سب ساتھ ہی اڑ جائیں گے

منظر دید ہی آنکھوں میں ٹھہر جائے گا

پھر تجھے دیکھ کے سوچیں گے کہیں دیکھا ہے

نشہ چھایا ہے جو آنکھوں پہ اتر جائے گا

رات جھک جائے گی پلکوں پہ نفیسؔ آہستہ

نیند آنکھوں میں لیے چاند گزر جائے گا

خوش رنگ پرندے آئے ہیں موسم پر گلوں کے سائے ہیں (غزل)

خوش رنگ پرندے آئے ہیں موسم پر گلوں کے سائے ہیں

لو رقص کو ہم بھی پاؤں میں زنجیر پہن کر آئے ہیں

ہر سمت فضا میں ہلچل ہے اک شور بپا ہے گلشن میں

کچھ لوگ قفس سے چھوٹے ہیں کچھ توڑ کے زنداں آئے ہیں

تاریکی پھر تاریکی ہے سنتے سنتے مٹ پائے گی

کچھ دیپ فصیل شب پہ مگر یاروں نے آج جلائے ہیں

اس دور جہاں میں ہم عصرو ہے فرق بہت ان دونوں میں

وہ زخم جو تم نے دیکھے ہیں جو زخم کہ ہم نے کھائے ہیں

وہ صبح کے دروازے سے ابھی اس شہر میں دن کے آیا ہے

پھر شام کے روٹھے شہزادے کو لوگ منا کر لائے ہیں

کچھ دائرے دل میں لہروں کے اٹھتے ہیں نفیسؔ آخر کیونکر

اس جھیل کے ٹھہرے پانی میں پتھر یہ کدھر سے آئے ہیں

مزید غزلیں از Nafees Ghazipuri ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں