نفیس بانو کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زندگی تو نے کبھی خود کو سنوارا بھی نہیں (غزل)
زندگی تو نے کبھی خود کو سنوارا بھی نہیں
جھلملاتا ترے ماتھے پہ ستارا بھی نہیں
سر ٹکایا ہی تھا دیوار پہ آنکھیں چھلکیں
آج وہ وقت ہے تنکے کا سہارا بھی نہیں
گاؤں کے کچے مکاں بوڑھے شجر یاد آئے
شہر بے درد میں اب میرا گزارا بھی نہیں
لفظ نے آہیں بھریں اور قلم بھی رویا
درد کاغذ پہ ابھی ہم نے اتارا بھی نہیں
وہ چمکتی ہے اندھیروں میں ستاروں کی طرح
ڈھنگ سے جس نے کبھی خود کو سنوارا بھی نہیں
محبتوں میں ہتھیلی پہ لے کے سر آئے (غزل)
محبتوں میں ہتھیلی پہ لے کے سر آئے
بلا کشان جنوں کیسے بے خطر آئے
تلاش وہ کرے خوشیاں کہ شوق ہے اس کا
غموں کو لے کے جیوں مجھ کو یہ ہنر آئے
میں جاگوں خواب سے تو سامنے اسے دیکھوں
مرے نصیب میں ایسی کوئی سحر آئے
ذلیل کر ہی دیا اس نے میرے جذبوں کو
وہ جس پہ ہم تو سبھی کچھ نثار کر آئے
یہ جرم مجھ سے ہوا تھا سزا بھی میں بھگتوں
تمام عشق کے الزام میرے سر آئے
یہ کیا کہ آنکھوں کی راہوں سے دل میں آتا ہے
کبھی سڑک سے گزر کر ہمارے گھر آئے