Nafees Ahmad Sahar کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تم مرے خواب پریشاں کا اثر دیکھو تو (غزل)
تم مرے خواب پریشاں کا اثر دیکھو تو
مضمحل سارا گلستاں ہے ادھر دیکھو تو
لب و عارض کی قسم جلوۂ رقصاں کی قسم
کس قدر شوخ ہے وہ رشک قمر دیکھو تو
شدت تشنہ لبی میں در مے خانہ پر
رکھ دیا پھر کسی مجبور نے سر دیکھو تو
تلخیاں بھول کے جذبات پہ قابو رکھ کر
تم خدا کے لئے اک بار ادھر دیکھو تو
کیا ستم اس سے زیادہ کوئی ہو سکتا ہے
موسم گل میں کٹے ہیں مرے پر دیکھو تو
جس سے گمراہ زمانے کو ضیا ملتی ہے
علم و عرفان و ہدایات کا وہ در دیکھو تو
سب پریشاں ہیں یہاں کون کہے ان سے سحرؔ
تم غریبوں کو کبھی ایک نظر دیکھو تو
وہ زندگی مرے نزدیک زندگی نہ ہوئی (غزل)
وہ زندگی مرے نزدیک زندگی نہ ہوئی
تمام عمر میسر جسے خوشی نہ ہوئی
ہوس پرست نگاہوں نے چشم ساقی سے
ہزار جام پئے دور تشنگی نہ ہوئی
دکھائے اہل سیاست نے سبز باغ مگر
خزاں نصیب بہاروں میں تازگی نہ ہوئی
ہوا کے رخ کو جو پہچاننے سے قاصر ہو
مرے خیال میں وہ چشم آگہی نہ ہوئی
زمانہ لاکھ مخالف رہا بہ فیض طلب
ہمارے ذوق تجسس میں کچھ کمی نہ ہوئی
عدو سے تو نے تعاون تو کر لیا لیکن
کبھی جنوں سے خرد تیری دوستی نہ ہوئی
جو بانٹتا تھا زمانے کو روشنی کل تک
اسی کے گھر میں سحرؔ آج روشنی نہ ہوئی