نعیم ضرار احمد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تیری آنکھوں کے دو ستارے تھے (غزل)
تیری آنکھوں کے دو ستارے تھے
جن پہ ہم دو جہان ہارے تھے
ساری تعریف تھی اسے زیبا
جتنے بہتان تھے ہمارے تھے
جتنی آنکھیں تھیں ساری میری تھیں
جتنے منظر تھے سب تمہارے تھے
دن وہی عمر بھر کا حاصل ہیں
جو تری یاد میں گزارے تھے
کسی محل میں نہ شاہوں کی آن بان میں ہے (غزل)
کسی محل میں نہ شاہوں کی آن بان میں ہے
سکون جو کسی ڈھابے کے سائبان میں ہے
میں اس مقام پہ ہوں جیسے کوئی خالی ہاتھ
نگاہ حسرت و ارماں لئے دکان میں ہے
درندے شہر میں آباد ہو گئے سارے
سنا ہے ساتھ کا جنگل بڑی امان میں ہے
یہ جانتا ہے پلٹ کر اسے نہیں آنا
وہ اپنی زیست کی کھنچتی ہوئی کمان میں ہے
محبت زندگی ہے (نظم)
محبت زندگی ہے
محبت دل کی تیرہ ساعتوں میں روشنی ہے
یہ ویرانوں میں خود رو نغمگی ہے
محبت جرأت اظہار ہے کردار ہے
محبت دیدۂ بے دار ہے پندار ہے
ایثار ہے
محبت جان دیتی ہے
محبت مان دیتی ہے
محبت بے نشاں رشتوں کو بھی پہچان دیتی ہے
محبت عقل بھی ہے
محبت ماورائے عقل بھی ہے
محبت ہجر بھی ہے وصل بھی ہے
محبت پیش رفت نسل بھی ہے
محبت زخم پر مرہم
محبت سربسر ترحم
محبت محترم سچ کا علم زور قلم
محبت کاوش پیہم
محبت راز یزداں کھولتی ہے
محبت ظرف آدم تولتی ہے
محبت خامشی میں بولتی ہے
محبت آرزو ہے جستجو ہے رنگ و بو ہے
محبت جیت کر مٹنے کی خو ہے
محبت ہار کر بھی سرخ رو ہے
محبت ابتدا ہے انتہا ہے
محبت باعث ارض و سما ہے
محبت میں خدا بھی مبتلا ہے