نفس انبالوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہم آج اپنا مقدر بدل کے دیکھتے ہیں (غزل)
ہم آج اپنا مقدر بدل کے دیکھتے ہیں
تمہارے ساتھ بھی کچھ دور چل کے دیکھتے ہیں
ادھر چراغ بجھانے کو ہے ہوا بیتاب
ادھر یے ضد کہ ہواؤں میں جل کے دیکھتے ہیں
چلو پھر آج زمینوں میں جذب ہو جائیں
چھلک کے آنکھ سے باہر نکل کے دیکھتے ہیں
یے عشق کوئی بلا ہے جنون ہے کیا ہے
یہ کیسی آگ ہے پتھر پگھل کے دیکھتے ہیں
عجیب پیاس ہے دریا سے بجھ نہیں پائی
جو تم کہو تو سمندر نگل کے دیکھتے ہیں
وو گر نگاہ ملا لے تو معجزہ کر دے
اسی لیے تو ادھر ہم سنبھل کے دیکھتے ہیں
بدل کے خود ہی ہمیں رہ گئے زمانہ میں
چلے تھے گھر سے کہ دنیا بدل کے دیکھتے ہیں
گھر کسی کا بھی ہو جلتا نہیں دیکھا جاتا (غزل)
گھر کسی کا بھی ہو جلتا نہیں دیکھا جاتا
ہم سے چپ رہ کے تماشہ نہیں دیکھا جاتا
تیری عظمت ہے تو چاہے تو سمندر دے دے
مانگنے والے کا کاسہ نہیں دیکھا جاتا
جب سے صحرا کا سفر کاٹ کے گھر لوٹا ہوں
تب سے کوئی بھی ہو پیاسا نہیں دیکھا جاتا
یہ عبادت ہے عبادت میں سیاست کیسی
اس میں کعبہ یا کلیسا نہیں دیکھا جاتا
میرے لہجہ پہ نہ جا قول کا مفہوم سمجھ
بات سچی ہو تو لہجہ نہیں دیکھا جاتا
عکس ابھرے گا نفسؔ گرد ہٹا دے پہلے
دھندلے آئینے میں چہرہ نہیں دیکھا جاتا