پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نعیم واقف کی غزلیں — Naeem Waqif Ghazals

نعیم واقف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حیوانیت کا زہر دلوں میں اتر گیا (غزل)

حیوانیت کا زہر دلوں میں اتر گیا

بستی سے اپنی کون سا موسم گزر گیا

اونچے مکان والے جو تھے صاف بچ گئے

الزام قتل سارا غریبوں کے سر گیا

دیدار ہو رہا تھا مجھے ان کا خواب میں

آنکھیں کھلیں تو خوش نما منظر بکھر گیا

حیرت زدہ ہیں لوگ مرا عزم دیکھ کر

میں پیچ و خم کی راہ پہ چل کر سنور گیا

ذاتیں تمام فرقہ پرستی میں بٹ گئیں

واقفؔ تلاش کرتا ہے انساں کدھر گیا

ہوا جب نا مناسب ہو تو پتے ٹوٹ جاتے ہیں (غزل)

ہوا جب نا مناسب ہو تو پتے ٹوٹ جاتے ہیں

جہاں مطلب پرستی ہو وہ رشتے ٹوٹ جاتے ہیں

گلوں کی پرورش کے واسطے مالی ضروری ہے

نہ ہو ماں باپ کا سایہ تو بچے ٹوٹ جاتے ہیں

اگر ہو جائے بیٹا نا خلف تو بوڑھی آنکھوں کے

سجے ہوتے ہیں جتنے بھی وہ سپنے ٹوٹ جاتے ہیں

پرندے ہیں اگر خاموش بزدل مت سمجھ صیاد

اگر یہ ضد پہ آ جائیں تو پنجرے ٹوٹ جاتے ہیں

دکھا دے جو دلوں کو بات ایسی مت کرو واقفؔ

ذرا سی ٹھیس لگنے سے یہ شیشے ٹوٹ جاتے ہیں

مزید غزلیں از نعیم واقف ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں