Naeem Sarmad کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خود کو مرشد مان لے پیارے کیوں اور کیا کا بھید سمجھ (غزل)
خود کو مرشد مان لے پیارے کیوں اور کیا کا بھید سمجھ
اپنی صورت تکتا رہ اور پھر کیسا کا بھید سمجھ
تجھ سے بڑھ کر دشت نہیں ہے تجھ سے بڑھ کر گور نہیں
اس جنگل میں آ اس گور میں رہ مولا کا بھید سمجھ
جاننے والے ماننے والوں سے افضل ہے دھیان رہے
مجنوں مت بن ہوش میں رہ اور پھر لیلہ کا بھید سمجھ
پانی سر سے اوپر چڑھنے دے سانسوں کی مالا پھر
دو جان ہوتا میں بیٹھ اور دل دریا کا بھید سمجھ
ہر اقرار سے پہلے اک انکار کی حفاظت ہوتی ہے
اللہ کے بندے اللہ سے پہلے لا کا بھید سمجھ
تمہارے چہرے پہ دھیان ایسے ٹکا ہوا ہے (غزل)
تمہارے چہرے پہ دھیان ایسے ٹکا ہوا ہے
تمام سمتوں کو ایک جانب رکھا ہوا ہے
ہرے درختوں سے بیلیں کیسے لپٹ رہی ہیں
زمین پر آسمان کیسے جھکا ہوا ہے
وہ ایک لڑکی جو مر رہی ہے حیا کے مارے
وہ ایک لڑکا جو دیکھنے پر تلا ہوا ہے
شب وصال اس کا سرخ آنچل مصلیٰ کر کے
بدن وظیفے کا ورد جاری رکھا ہوا ہے
تو صرف وحشت کے دم پہ دل دشت میں نا آنا
یہ اسم بھی رائیگاں ہے میرا پڑھا ہوا ہے
پھر اس کے بعد اس نے میری آنکھیں بھی گیلی کر دیں
میں پوچھ بیٹھا تھا تیری آنکھوں کو کیا ہوا ہے
یہ وقت مغرب سے قبل کا آفتاب سرمدؔ
یہ اس کے ہاتھوں میں کیسے کیسے لگا ہوا ہے