پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نعیم سمیر کی غزلیں — Naeem Sameer Ghazals

نعیم سمیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

قصہ ان دنوں کا ہے جب ہمیں محبت تھی (غزل)

قصہ ان دنوں کا ہے جب ہمیں محبت تھی

خواب اک معمہ تھا نیند اک اذیت تھی

کیا عجیب رشتہ تھا آگ اور پانی کا

میں برستا بادل تھا اور وہ قیامت تھی

ہم کہ ایک دوجے پر اس طرح سے لازم تھے

مجھ کو اس کا نشہ تھا اس کو میری عادت تھی

ہم بھٹکتے پھرتے تھے تشنگی کے صحرا میں

ان لبوں پہ امرت تھا اور مجھے اجازت تھی

رات میں مسافر تھا گل بدن کے رستوں کا

انگ انگ خوشبو تھی کیا حسیں مسافت تھی

ہم گناہگار شب روکنے سے رکتے کب

عمر کا تقاضا تھا وقت کی ضرورت تھی

ہم سمیرؔ کھو بیٹھے مصلحت کی راہوں میں

وہ جو اک تعلق تھا وہ جو ایک نسبت تھی

کچھ دل نشیں یادیں بھی ہیں کچھ درد کا رشتہ بھی ہے (غزل)

کچھ دل نشیں یادیں بھی ہیں کچھ درد کا رشتہ بھی ہے

میں کس طرح بھولوں اسے وہ عمر کا حصہ بھی ہے

غم میں خوشی کی لہر کیوں آسودگی میں زہر کیوں

اس سوچ میں دریا بھی ہے اس فکر میں صحرا بھی ہے

وہ وہم کی تحریر ہے وہ خواب کی تصویر ہے

میں نے اسے دیکھا نہیں میں نے اسے دیکھا بھی ہے

کب تک میں اپنے آپ سے لڑتا رہوں لڑتا رہوں

میں آخرش انسان ہوں انسان تو تھکتا بھی ہے

نفرت کسی کی یاد سے وحشت خود اپنے آپ سے

ویسے تو یوں ہوتا نہیں لیکن کبھی ہوتا بھی ہے

اب تو سمیرؔ اس دشت میں رہنا ہے مجھ کو عمر بھر

یہ آخری منزل نہیں یہ آخری رستہ بھی ہے