نعیم ساحل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ڈھونڈ لیتا ہے نئی راہ گزر شام کے بعد (غزل)
ڈھونڈ لیتا ہے نئی راہ گزر شام کے بعد
ختم ہوتا نہیں سورج کا سفر شام کے بعد
یاد ماضی کبھی سونے نہیں دیتی اس کو
اپنی تقدیر پہ روتا ہے کھنڈر شام کے بعد
ایک ہی رنگ میں کب تک میں سجاؤں غزلیں
جاگتا ہے کئی رنگوں میں ہنر شام کے بعد
جس نے ہر گام پہ ظالم کی حمایت کی ہے
گھر میں رہ کر بھی اسے لگتا ہے ڈر شام کے بعد
دن تو کٹ جاتا ہے بازار کی زینت بن کر
دل پہ تنہائی کا ہوتا ہے اثر شام کے بعد
بے قصوروں کے مکانوں سے دھواں اٹھتا ہے
آگ بن جاتی ہے دنگوں میں خبر شام کے بعد
خوش کروں کس کو میں ساحلؔ کسے ناراض کروں
سوچنا پڑتا ہے جاؤں میں کدھر شام کے بعد
فضا دشوار جاں ہو تو محبت اور بڑھتی ہے (غزل)
فضا دشوار جاں ہو تو محبت اور بڑھتی ہے
کوئی جب راستہ روکے تو ہمت اور بڑھتی ہے
گلے شکوے چلو مل بیٹھ کر سب دور ہم کر لیں
نگاہیں پھیر لینے سے کدورت اور بڑھتی ہے
ہمارا مشورہ اہل جہاں کو راس کیوں آئے
برا جب وقت ہوتا ہے حماقت اور بڑھتی ہے
کسی مظلوم کے حق میں کبھی سچ بول کر دیکھو
ہر اک انسان کی نظروں میں عزت اور بڑھتی ہے
ہمیں آگاہ کرتا ہے ہمیشہ ہی برائی سے
خلاف قلب جانے پر ندامت اور بڑھتی ہے
یوں کہنے کو ہزاروں لوگ کہتے ہیں غزل لیکن
سلیقے سے کہی جائے تو شہرت اور بڑھتی ہے
خموشی بزدلی کی ہے علامت اس لئے ساحلؔ
عدو کے ظلم ڈھانے کی جسارت اور بڑھتی ہے