Naeem Raza Bhatti کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بات یہ ہے کہ بات کوئی نہیں (غزل)
بات یہ ہے کہ بات کوئی نہیں
میں اکیلا ہوں ساتھ کوئی نہیں
اب سہولت پہ ہی قناعت ہے
ہوس ممکنات کوئی نہیں
برگزیدہ ہے میرا سایہ بھی
میرے سائے میں ہاتھ کوئی نہیں
خوف آئے تو کھانس لیتا ہوں
یعنی فطرت میں گھات کوئی نہیں
ایک حد میں رکھا گیا ہے مجھے
اور حد سے نجات کوئی نہیں
لوگ جنت میں جا رہے ہوں گے (غزل)
لوگ جنت میں جا رہے ہوں گے
اور ہم سٹپٹا رہے ہوں گے
تم بغاوت کی بات کرتے ہو
ہم تو رسمیں نبھا رہے ہوں گے
بے زبانی و نارسائی میں
ہم خدا کو بلا رہے ہوں گے
وہ کہیں گیت گا رہی ہوگی
ہم کہیں تلملا رہے ہوں گے
حسن مشہور ہو رہا ہوگا
لوگ باتیں بنا رہے ہوں گے
شکستہ گھر ہے (نظم)
شکستہ گھر ہے
دہکتے آنگن میں سن رسیدہ شجر کے پتے بکھر چکے ہیں
پرندگاں جو یہاں چہکنے میں محو رہتے تھے
خامشی کی سلوں کے نیچے دبے پڑے ہیں
سلیں جو گھر کی ادھڑتی چھت سے کلام کرتیں تو روشنی کو قرار ملتا
قرار جس نے بجھے چراغوں کی حیرتوں کو ثبات بخشا
افق سے آگے
ہمارے حیلوں
فریب دیتے ہوئے بہانوں کی قدر کم تھی
سو ہم بقا سے فنا کی جانب پلٹ رہے ہیں
خمیر آدم ہے استعارہ شکستگی کا
خلا سے باہر ہمارے ہونے کی کہکشائیں
سرک رہی ہیں