پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Naeem Najmi کی غزلیں — Naeem Najmi Ghazals

Naeem Najmi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اب بھلا کس سے کہوں گا میں فسانہ دل کا (غزل)

اب بھلا کس سے کہوں گا میں فسانہ دل کا

دوستوں نے بھی مرا درد نہ جانا دل کا

اس کی آنکھوں کا ہر اک وار بہت سچا ہے

خالی جاتا بھی بھلا کیسے نشانہ دل کا

سن کے آواز تری آج اچانک میرا

ہو گیا تازہ ہر اک زخم پرانا دل کا

دیکھ کر کیسا اچھلتا تھا حسیں چہروں کو

یاد ہے آج بھی وہ ایک زمانہ دل کا

ہم کہیں بھی رہیں بس اتنی حقیقت جانو

ہے مدینے کی فضاؤں میں ٹھکانہ دل کا

ذہن نے جو بھی کہا بس وہ کیا ہے نجمیؔ

میں نے اک بار بھی کہنا نہیں مانا دل کا

پہلے تو ذہن سے خلل نکلے (غزل)

پہلے تو ذہن سے خلل نکلے

پھر کسی گفتگو کا حل نکلے

مجھ کو تو اپنے رستے جانا ہے

آپ کیوں ساتھ ساتھ چل نکلے

جتنا تم چاہو مجھ کو رسوا کرو

کچھ تو احسان کا بدل نکلے

اپنے لہجے کو میں نے جب بدلا

اس کے ماتھے کے سارے بل نکلے

راگ ایسا الاپا ہے اس نے

خود بخود سارے دیپ جل نکلے

دور سے وہ جو لگ رہے تھے گلاب

پاس سے دیکھا تو کنول نکلے

بیج بوئے تھے جس کے اے نجمیؔ

پیڑ میں بس اسی کے پھل نکلے

تمہارے ہونٹ (نظم)

تمہارے ہونٹ

گلابوں کی پتیوں کی طرح

تمہاری سانسیں مہکتے ہوئے گلاب کی ہیں

تمہاری آنکھوں میں

نشہ شراب جیسا ہے

تمہاری زلفیں

ریاضی کے ہیں سوالوں سی

تمہارا چہرہ

کہ تاریخ کی کتاب کوئی

تمہارے لہجے سے

آتی ہے پیار کی خوشبو

تمہاری بانہیں

کہ پھولوں کا جیسے بستر ہو

تمہارا جسم

مکمل گلاب جیسا ہے

میں کیکٹس ہوں

مجھے ہاتھ مت لگانا تم

مزید غزلیں از Naeem Najmi ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں