پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نعیم ناز کی غزلیں — Naeem Naaz Ghazals

نعیم ناز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اداس کمرے کے کونے کونے میں جیسے غصہ پڑا ہوا ہے (غزل)

اداس کمرے کے کونے کونے میں جیسے غصہ پڑا ہوا ہے

یہ کپ میں چائے نہیں ہے پرسوں سے ایک لمحہ پڑا ہوا ہے

ہماری بستی کے سارے باسی نئے سفر پر نکل پڑے ہیں

پرانی چوپال میں پرانی پری کا قصہ پڑا ہوا ہے

ادھوری الفت کا راز ہے یہ کہ سب ادھورے ہی رہ گئے ہیں

یہ زرد پتوں میں آدھا سگریٹ نہیں ہے مصرعہ پڑا ہوا ہے

بچھڑنے والے کی چارپائی سے میری نظریں لپٹ گئی ہیں

کسے خبر ہے کہ چارپائی پہ ایک صدمہ پڑا ہوا ہے

تمہاری جانب میں چلتے چلتے اب اس دوراہے پہ آ کھڑا ہوں

جہاں پہ آنے نہ آنے کے بیچ ایک عرصہ پڑا ہوا ہے

اسے چھپا لیا تھا میں نے آنکھ میں (غزل)

اسے چھپا لیا تھا میں نے آنکھ میں

یہ لوگ خواب میں بھی جھانکنے لگے

مہک رہے ہیں یوں تو پھول اور بھی

مگر جو زخم تیرے ہاتھ سے لگے

میں جس لگن سے تجھ کو دیکھتا ہوں لوگ

اسی لگن سے مجھ کو دیکھنے لگے

تمہارے بعد کچھ نہیں کیا گیا

ہم اپنے ساتھ وقت کاٹنے لگے

چھوا تھا ایک بار اس کے ہاتھ کو

پھر اس کے بعد پھول کھردرے لگے

مزید غزلیں از نعیم ناز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں