پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نعیم گیلانی کی غزلیں — Naeem Gilani Ghazals

نعیم گیلانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یوں بھی جب تک غم سے مر نہیں جاتا میں (غزل)

یوں بھی جب تک غم سے مر نہیں جاتا میں

رات گئے تک لوٹ کے گھر نہیں جاتا میں

دیکھتا رہتا ہوں تجھ کو اس لمحے تک!

جب تک سارا درد سے بھر نہیں جاتا میں

اتنی دیر سمیٹوں سارے دکھ تیرے

جتنی دیر اے دوست بکھر نہیں جاتا میں

تیرے غم کا بوجھ اٹھاؤں گا جب تک

کوہ غم سے پار اتر نہیں جاتا میں

موت سے آگے تک کے منظر دیکھے ہیں

تنہائی سے یوں ہی ڈر نہیں جاتا میں

نعیمؔ اس سے میں اپنے سارے دکھ کہنے

سوچتا تو رہتا ہوں پر نہیں جاتا میں

گزرے وقت کی شاید تجھے خبر کم ہے (غزل)

گزرے وقت کی شاید تجھے خبر کم ہے

مرے سفر میں کوئی تجھ سا ہم سفر کم ہے

گلا معاف مگر میں جہاں پڑا ہوا ہوں

مرے چراغ تری روشنی ادھر کم ہے

شریک حال ہوئی تھی جہاں کہیں دنیا

فقط وہیں سے ترا ہجر معتبر کم ہے

گئی رتوں میں بہت گفتگو رہی جس سے

بھرے چمن میں وہ بس ایک ہی شجر کم ہے

تری نظر میں نہ ہوں گی وہ منتظر شمعیں

کہ دل گلی سے تو یوں بھی ترا گزر کم ہے

بدن سے آگے جو بڑھتا نہیں طبیب مرے

سو دل کے زخم کی جانب تری نظر کم ہے

مزید غزلیں از نعیم گیلانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں