Naeem Faraz کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اک وہ کہ اپنی ضد پہ برابر اڑے رہے (غزل)
اک وہ کہ اپنی ضد پہ برابر اڑے رہے
اک ہم کہ انتظار میں پہروں کھڑے رہے
دریائے عشق کر لیا ہوتا عبور میں
لیکن مرے نصیب میں کچے گھڑے رہے
جتنے تھے کم نگاہ وہ جلوؤں میں کھو گئے
اہل نظر کی آنکھ پہ پردے پڑے رہے
اک شور جی حضوری کا رہتا تھا آس پاس
جب تک مرے لباس میں ہیرے جڑے رہے
حیرت کہ جن کو ڈھونڈے ہے دریا ادھر ادھر
در پر مرے فرازؔ وہ پیاسے کھڑے رہے
لکیریں کھینچ کر کیا کیا وہ کاغذ پر بناتا ہے (غزل)
لکیریں کھینچ کر کیا کیا وہ کاغذ پر بناتا ہے
ترا دوانہ تیرے حسن کا پیکر بناتا ہے
بدلتے وقت نے اس کا حسیں پیشہ بدل ڈالا
جو کل پھولوں کا تاجر تھا وہ اب خنجر بناتا ہے
بنا گہنوں کے رخصت ہو گئی لخت جگر اس کی
امیروں کے لئے جو قیمتی زیور بناتا ہے
چلو اس شخص کی ہمت کی ہم بھی داد ہی دے لیں
سمندر کے کنارے ریت کا جو گھر بناتا ہے
جنوں کی کون سی منزل پہ آ پہنچا ہے دیوانہ
جو سورج کے مقابل موم کا لشکر بناتا ہے
فرازؔ اس کے قدم لینے کبھی منزل نہیں آتی
سفر کے صرف منصوبے ہی جو اکثر بناتا ہے