Naeem Akhtar کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سچ تو یہ ہے کہ اسے دھوپ نے گرمایا تھا (غزل)
سچ تو یہ ہے کہ اسے دھوپ نے گرمایا تھا
ہاں وہ پودا جو تری چھاؤں میں کمھلایا تھا
رات کس نے مری تنہائی کو مہکایا تھا
بوئے گل آئی تھی یا تیرا خیال آیا تھا
دیکھنے والے وہ منظر نہیں بھولے اب تک
میں کبھی آپ کی آنکھوں میں نظر آیا تھا
کتنے قصوں کو دیا جنم ترے اشکوں نے
میں بہت خوش تھا کہ دامن مرا کام آیا تھا
کچھ خیال آیا سرابوں میں بھٹکنے والے
کس کی آواز نے دریا پہ تجھے لایا تھا
اب تو بہتر ہے یہی کچھ بھی نہ یاد آئے نعیمؔ
موسم گل میں کسے کھویا تھا کیا پایا تھا
نشاط آرزو کا اور کیا انجام لکھوں گا (غزل)
نشاط آرزو کا اور کیا انجام لکھوں گا
اسے بھی اک نہ اک دن حسرت ناکام لکھوں گا
مری روداد دل کی ابتدا تم انتہا بھی تم
تمہارا تذکرہ کیسے برائے نام لکھوں گا
قلم کی روشنائی جانے کیا الزام دے مجھ کو
میں اپنی صبح کے اوراق پر جب شام لکھوں گا
کتاب عشق جب بھی زندگی لکھوائے گی مجھ سے
وفا کے باب میں پہلے تمہارا نام لکھوں گا
تری فرقت میں کھویا میں تری قربت میں کیا پایا
نہ یہ تکلیف لکھوں گا نہ وہ آرام لکھوں گا
مری صبحیں خفا ہوں یا ہوں برگشتہ مری شامیں
دیا ہے دوپہر نے جو مجھے انعام لکھوں گا
سر مژگاں جو اختر بن کے چمکے تھے نعیم اخترؔ
میں اپنی زندگی ان آنسوؤں کے نام لکھوں گا