Nadiya Ambar Lodhi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پھول ہے دل انگارہ کیسے ہو سکتا ہے (غزل)
پھول ہے دل انگارہ کیسے ہو سکتا ہے
میٹھا پانی کھارا کیسے ہو سکتا ہے
کسی کو دل پہ اجارہ کیسے ہو سکتا ہے
من ہے مٹی گارا کیسے ہو سکتا ہے
تارے نکلیں خوشبو مہکے رات رہے
ہر پل اتنا پیارا کیسے ہو سکتا ہے
یہ سارے منظر تو اس کے ساتھ آئے
اس سے میرا کنارا کیسے ہو سکتا ہے
کیسے کوئی تنہا جی سکتا ہے عنبرؔ
ہجر کسی کو پیارا کیسے ہو سکتا ہے
کیوں میں بار دگر جاؤں (غزل)
کیوں میں بار دگر جاؤں
پھر سے اس کے در جاؤں
تجھ آنکھوں سے جہاں دیکھوں
بے رنگی سے ڈر جاؤں
تو چاہے تو جی اٹھوں
تو چاہے تو مر جاؤں
میں بے انت سمندر ہوں
کیسے دریا میں اتر جاؤں
چادر شب ہوں میں تیری
تو اوڑھے تو سنور جاؤں
خواب نہ دیکھوں تو عنبرؔ
شاید میں بھی مر جاؤں
تم مری آواز دبا نہیں سکتے (نظم)
تم مری آواز دبا نہیں سکتے
مرے لکھے ہوئے الفاظ مٹا نہیں سکتے
نہیں رکھ سکتے مجھے پابند سلاسل
تم مری آواز دبا نہیں سکو گے
ناخن شوق سے روزانہ کریدونگی
میں ایک نئی دیوار
تاکتا پرواز سے مسخر کروں گی
نئے جہان
پر کاٹ کر مرے
پنجرے میں مقید نہیں کر سکتے تم
خواب نوچ کر مری آنکھیں تسخیر نہیں کر سکتے تم
عورت ہوں میں
صاحب عقل و فہم ہوں
بہتا ہوا پانی ہوں
ہر صدی کی میں ہی کہانی ہوں