پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نادر صدیقی کی غزلیں — Nadir Siddiqui Ghazals

نادر صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پھر اپنے آپ سے اس کو حجاب آتا ہے (غزل)

پھر اپنے آپ سے اس کو حجاب آتا ہے

تھرکتی جھیل پہ جب ماہتاب آتا ہے

دکھائیے نہ ہمیں آپ موسمی آنسو

کہ یہ ہنر تو ہمیں بے حساب آتا ہے

وہ جس طریق سے اس نے سوال داغا ہے

اسی طرح کا مجھے بھی جواب آتا ہے

تو بارشوں سے شکایت سی ہونے لگتی ہے

گلاب سا جو کوئی زیر آب آتا ہے

میں اپنی آنکھ میں شبنم اتار لیتا ہوں

وہ اپنی آنکھ میں جب لے کے خواب آتا ہے

ابھی تو نام بھی اپنا نہیں ملا مجھ کو

ابھی تو نام سے پہلے جناب آتا ہے

ہر کوئی شہر میں پابند انا لگتا ہے (غزل)

ہر کوئی شہر میں پابند انا لگتا ہے

کیا تماشا ہے کہ ہر شخص خدا لگتا ہے

میں نے ہجرت کے بیاباں میں ریاضت کی ہے

اب یہ جنگل مجھے فردوس نما لگتا ہے

دیدۂ شوخ میں دیکھا ہے اتر کر میں نے

حسن پندار ہے پردے میں بھلا لگتا ہے

جب ترے غم سے نکلنے کی نہ صورت نکلے

تیرا وحشی کسی دیوار سے جا لگتا ہے

اس کو سرکار کے بوسے کا شرف حاصل ہے

ورنہ کالا سا یہ پتھر مرا کیا لگتا ہے

اب بھی جاتا ہوں کٹے پیڑ کا سایہ لینے

مدتوں سے جو بھلا تھا سو بھلا لگتا ہے

مزید غزلیں از نادر صدیقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں