پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ندیم صدیقی کی غزلیں — Nadeem Siddiqui Ghazals

ندیم صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دھرتی سے آکاش ملا دو (غزل)

دھرتی سے آکاش ملا دو

مجھ کو میرا آج پتا دو

تن تو خود ہی مٹ جائے گا

من پاپی ہے اس کو سزا دو

میرا بچہ ضد کرتا ہے

بابا مجھ کو سورج لا دو

میں نے اپنا قتل کیا ہے

سپنا ہے تعبیر بتا دو

اپنا ماتم خود کر لوں گا

مجھ کو میری لاش دکھا دو

گہرے سمندروں میں بالآخر اتر گئے (غزل)

گہرے سمندروں میں بالآخر اتر گئے

خوش فہمیوں کا زہر پیا اور مر گئے

ہم عہد نو کے لوگ بھی اللہ کی پناہ

کاسہ اٹھائے ہاتھ میں اپنے ہی گھر گئے

کچھ لوگ اڑ رہے تھے ہواؤں کے دوش پر

کیا جانے کس خیال سے ہم بھی ادھر گئے

کل رات پی پلا کے بڑی مستیاں ہوئیں

آخر کو تھک تھکا کے پھر اپنے ہی گھر گئے

کیا کیا نہ بن رہے تھے میاں حضرت ندیمؔ

سورج کو چھونے نکلے تھے سائے سے ڈر گئے

مزید غزلیں از ندیم صدیقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں