پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Nadeem Sirsivi کی غزلیں — Nadeem Sirsivi Ghazals

Nadeem Sirsivi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شعور عشق ملے روئے دار رقص کروں (غزل)

شعور عشق ملے روئے دار رقص کروں

ہیں میرے پاس بہانے ہزار رقص کروں

گلوئے خشک کی شہ رگ تھک کے کہتی ہے

کچھ اور تیز ہو خنجر کی دھار رقص کروں

طواف خانۂ دل دار گر نصیب نہیں

خود اپنے دل کا بنا کر مزار رقص کروں

برہنہ جسم ہے کہنہ لباس پھٹ گیا ہے

سو اوڑھ کر میں ردائے غبار رقص کروں

اجاڑ دشت میں مقتل یہ بار بار سجے

لہو میں ڈوب کے میں بار بار رقص کروں

انی کچھ اور چبھا اے ستم شعار کہ میں

تڑپ کے درد میں بے بند و بار رقص کروں

دعا ہے میری میں زخموں کی تاب لا نہ سکوں

شراب موت کا جاگے خمار رقص کروں

سنا چکا سر نیزہ میں ایک تازہ غزل

ندیمؔ ہے مجھے اب اختیار رقص کروں

میرے کشکول میں بس سکۂ رد ہے حد ہے (غزل)

میرے کشکول میں بس سکۂ رد ہے حد ہے

پھر بھی یہ دل مرا راضی بہ مدد ہے حد ہے

غم تو ہیں بخت کے بازار میں موجود بہت

کاسۂ جسم میں دل ایک عدد ہے حد ہے

آج کے دور کا انسان عجب ہے یا رب

لب پہ تعریف ہے سینے میں حسد ہے حد ہے

تھا مری پشت پہ سورج تو یہ احساس ہوا

مجھ سے اونچا تو مرے سائے کا قد ہے حد ہے

مستند معتمد دل نہیں اب کوئی یہاں

محرم راز بھی محروم سند ہے حد ہے

میں تو تصویر جنوں بن گیا ہوتا لیکن

مجھ کو روکے ہوئے بس پاس خرد ہے حد ہے

روز اول ہی میں ہر حد سے گزر بیٹھا اور

چیختا رہ گیا ہمدم مرا حد ہے حد ہے

کب تلک خاک بسر بھٹکے بھلا باد صبا

اب تو ہر شاخ پہ پھولوں کی لحد ہے حد ہے

رنگ اخلاص بھروں کیسے مراسم میں ندیمؔ

اس کی نیت بھی مری طرح سے بد ہے حد ہے

مزید غزلیں از Nadeem Sirsivi ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں