پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ندیم شاد کی غزلیں — Nadeem Shad Ghazals

ندیم شاد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سب پرندے چہکنے لگے ہر شجر مسکرانے لگا (غزل)

سب پرندے چہکنے لگے ہر شجر مسکرانے لگا

آپ آئے جو گھر پر مرے میرا گھر مسکرانے لگا

ہر غزل میری بے ساز تھی شاعری میں مزہ کچھ نہ تھا

آپ سے کیا محبت ہوئی یہ ہنر مسکرانے لگا

زندگی کے ہر اک موڑ پر تھی اداسی بہت دور تک

ساتھ تم کیا چلے جان جاں یہ سفر مسکرانے لگا

اس کے ہنسنے سے دل کو مرے چین ملنے لگا تھا مگر

جب سے اس کو خبر یہ ملی مختصر مسکرانے لگا

وہ نہ نزدیک آیا تو کیا یہ بھی کچھ کم نہیں دوستو

اس نے دیکھا مجھے اور وہ دیکھ کر مسکرانے لگا

ہلکی بارش تھی میں اور وہ بھیگ کر بات کرتے رہے

شادؔ سوچا جو اس رات کو سوچ کر مسکرانے لگا

تم سے بچھڑے تو سوچا تھا بس ایک جاں سے الگ ہو گئے (غزل)

تم سے بچھڑے تو سوچا تھا بس ایک جاں سے الگ ہو گئے

اب لگا ایک جاں سے نہیں دو جہاں سے الگ ہو گئے

اے وطن رہ کے پردیس میں ایسے گھٹ گھٹ کے روتے تھے ہم

جیسے بچے کسی بھیڑ میں اپنی ماں سے الگ ہو گئے

داستاں لکھنے والے نے تو سب ہمارے ہی خوں سے لکھا

اور ستم دیکھیے پھر ہمیں داستاں سے الگ ہو گئے

یار کھلنے پہ پہرے لگے اور مہکنے پہ پابندیاں

اب یہ سمجھے کہ ہم کس لئے گلستاں سے الگ ہو گئے

کارواں میں جو شامل رہے ان کو بس ایک منزل ملی

ان کی وسعت نہ پوچھو کہ جو کارواں سے الگ ہو گئے

کیا کہا آپ کو چھوڑ کر ہم جئیں گے اجی چھوڑیئے

کیا سنا ہے ستارے کبھی آسماں سے الگ ہو گئے

تم خدا تو نہیں ہو ندیمؔ ایک دن تم بھی مر جاؤ گے

پھر تکبر بھلا کس لئے تم کہاں سے الگ ہو گئے

ہم اداس لڑکوں سے کون پوچھنے آئے (نظم)

ہم اداس لڑکوں سے کون پوچھنے آئے

دن کہاں گزرتا ہے

رات کیسے کٹتی ہے

دوپہر میں جلتے ہو

شام کیسی لگتی ہے

خواب کس کو کہتے ہیں

نیند کیسی ہوتی ہے

سب سے کیوں نہیں ملتے

رہ رہے ہو کیوں تنہا

چاہیئے تمہیں آخر

گھر کا کیوں وہی کمرہ

جس میں چاہنے پر بھی

جی کبھی نہیں لگتا

کس کی یاد میں گم ہو

کیسے زخم سیتے ہو

بھوک کیوں نہیں لگتی

ایسے کیسے جیتے ہو

کتنی سگرٹیں دن میں

کتنی چائے پیتے ہو

اور جب نہیں کوئی پوچھتا

تو یہ لڑکے

گر کے گہرے پانی میں یا تو پھول جاتے ہیں

خودکشی کی چوکھٹ پر خود کو بھول جاتے ہیں

چوم کر کوئی رسی اس پہ جھول جاتے ہیں

ان اداس لڑکوں کا

ایسے انت ہوتا ہے

ایسے انت سے پہلے

ہاتھ تھام لو یارو

اور لگاؤ سینے سے

اور پھر کہو ان سے

آپ یہ قرینے سے

مشکلیں تو حل ہوں گی

زندگی کو جینے سے

ہو گیا جو ہونا تھا

تم جیا کرو پیارے

کیا اداس رہتے ہو

مت رہا کرو پیارے

مزید غزلیں از ندیم شاد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں