پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Muztar Azmi کی غزلیں — Muztar Azmi Ghazals

Muztar Azmi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تم آگ کے دریا میں اتر کیوں نہیں جاتے (غزل)

تم آگ کے دریا میں اتر کیوں نہیں جاتے

سونا ہو تو پھر تپ کے نکھر کیوں نہیں جاتے

ہے تم کو اگر قوت بازو پہ بھروسہ

جس سمت میں طوفاں ہے ادھر کیوں نہیں جاتے

ہیں تیغ و تبر تیر و سناں مرد کے زیور

جب اس کی ضرورت ہے سنور کیوں نہیں جاتے

کیوں جاتے ہیں جنگل میں درندوں کے شکاری

بستی میں بھی اک روز بکھر کیوں نہیں جاتے

منجدھار میں روکے گی جو موجوں کی روانی

دریا کے کنارے سے گزر کیوں نہیں جاتے

صحرا میں کڑی دھوپ ہے جل جاؤ گے مضطرؔ

سائے میں ذرا دیر ٹھہر کیوں نہیں جاتے

یار کے بھیس میں محبوب ستم گر نکلا (غزل)

یار کے بھیس میں محبوب ستم گر نکلا

پھول ہم جس کو سمجھتے تھے وہ پتھر نکلا

ایک روٹی کے عوض دے گیا جنت کی دعا

میرے کوچے کا بھکاری بھی مخیر نکلا

آج کل آنکھ کا دیکھا بھی غلط ہوتا ہے

جس کو سمجھے تھے اپاہج وہ تونگر نکلا

وقت کمزور کو شہ زور بنا دیتا ہے

شام کو ڈوبا مگر صبح میں خاور نکلا

گھر بدلنے سے بھی تقدیر بدل جاتی ہے

سیپ میں پانی پڑا بن کے وہ گوہر نکلا

جو مرے ذہن و تخیل میں بہت اونچا تھا

اس کا قد طالب دنیا کے برابر نکلا

جس کے ذمے تھی مرے گھر کی حفاظت مضطرؔ

دشمنوں کا مرے وہ شخص بھی ہمسر نکلا

مزید غزلیں از Muztar Azmi ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں