Muzammil Abbas Shajar کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
امید کے دیے کی مخالف ہوا بھی ہے (غزل)
امید کے دیے کی مخالف ہوا بھی ہے
لڑنے کا آندھیوں سے مگر حوصلہ بھی ہے
جانے کو تیرے شہر سے تیار ہیں مگر
ہم جا نہیں سکیں گے ہمیں یہ پتا بھی ہے
ہم نے بھی ظلمتوں کو مٹایا ہے اپنے طور
سورج کے ساتھ ساتھ ہمارا دیا بھی ہے
کوئی تو ہے جو خانۂ ہستی میں ہے مقیم
آواز میں ہماری وہی بولتا بھی ہے
امید صبح وصل کا دم ٹوٹنے لگا
کچھ کہہ شب فراق تری انتہا بھی ہے
چلتے چلو کہ منزلیں آ کر ملیں گی خود
کچھ در ہوئے ہیں بند تو اک در کھلا بھی ہے
ہم خود پسندیوں سے نکلنے لگے شجرؔ
ہم سوچنے لگے ہیں ہمارا خدا بھی ہے
ملن نہ رائیگاں جائے سمے سے پار ملیں (غزل)
ملن نہ رائیگاں جائے سمے سے پار ملیں
کہ ایک دوسرے کا بن کے ہم قرار ملیں
عجیب اپنا مقدر عجیب محرومی
کہ تیرے ہوتے ہوئے تیرے انتظار ملیں
میں نقد جان کو بھی شوق سے رکھوں گروی
تمہارے قرب کے لمحے اگر ادھار ملیں
بہار پھول دھنک چاندنی گھٹا موسم
تمہاری ایک ہنسی پر سبھی نثار ملیں
جو کھول کھول کے دیکھوں یہ زخم ہائے جگر
عجب نہیں کہ ہمیں دوستوں کے وار ملیں
خوشا نصیب کہ منزل قریب تر ہوگی
دھمال ڈالو جو رستے میں تم کو خار ملیں
حدوں نے چھین لیا ہے ہمارا قرب صنم
سو اپنے اپنے بدن کو ذرا اتار ملیں
یہ امتیاز من و تو مٹے گا کب آخر
میان طالب و مطلوب بھی حصار ملیں
سمجھ گیا تھا تجھے دیکھتے ہی جان شجرؔ
ہزار بار لٹیں گے جو ایک بار ملیں