پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مظفر وارثی کی غزلیں — Muzaffar Warsi Ghazals

مظفر وارثی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم کریں بات دلیلوں سے تو رد ہوتی ہے (غزل)

ہم کریں بات دلیلوں سے تو رد ہوتی ہے

اس کے ہونٹوں کی خموشی بھی سند ہوتی ہے

سانس لیتے ہوئے انساں بھی ہیں لاشوں کی طرح

اب دھڑکتے ہوئے دل کی بھی لحد ہوتی ہے

جس کی گردن میں ہے پھندا وہی انسان بڑا

سولیوں سے یہاں پیمائش قد ہوتی ہے

شعبدہ گر بھی پہنتے ہیں خطیبوں کا لباس

بولتا جہل ہے بد نام خرد ہوتی ہے

کچھ نہ کہنے سے بھی چھن جاتا ہے اعجاز سخن

ظلم سہنے سے بھی ظالم کی مدد ہوتی ہے

مانا کہ مشت خاک سے بڑھ کر نہیں ہوں میں (غزل)

مانا کہ مشت خاک سے بڑھ کر نہیں ہوں میں

لیکن ہوا کے رحم و کرم پر نہیں ہوں میں

انسان ہوں دھڑکتے ہوئے دل پہ ہاتھ رکھ

یوں ڈوب کر نہ دیکھ سمندر نہیں ہوں میں

چہرے پہ مل رہا ہوں سیاہی نصیب کی

آئینہ ہاتھ میں ہے سکندر نہیں ہوں میں

وہ لہر ہوں جو پیاس بجھائے زمین کی

چمکے جو آسماں پہ وہ پتھر نہیں ہوں میں

غالبؔ تری زمین میں لکھی تو ہے غزل

تیرے قد سخن کے برابر نہیں ہوں میں

لفظوں نے پی لیا ہے مظفرؔ مرا لہو

ہنگامہ صدا ہوں سخن ور نہیں ہوں میں

تمہاری آنکھیں شرارتی ہیں (نظم)

تمہاری آنکھیں شرارتی ہیں

تم اپنے پیچھے چھپے ہوئے ہو

بغور دیکھوں تمہیں تو مجھ کو

شرارتوں پر ابھارتی ہیں

لہو کو شعلہ بدست کر دیں

یہ پتھروں کو بھی مست کر دیں

حیات کی سوکھتی رتوں میں

بہار کا بند و بست کر دیں

کبھی گلابی کبھی سنہری

سمندروں سے زیادہ گہری

تہوں میں اپنی اتارتی ہیں

حیا بھی ہے ان میں شوخیاں بھی

یہ راز بھی اپنی ترجماں بھی

ریاست حسن و عشق کی ہیں

رعایا بھی اور حکمراں بھی

وہ کھو گیا یہ ملی ہیں جس کو

یہ جیتنا چاہتی ہے جس کو

اسی سے در اصل ہارتی ہیں

کشش کا وہ دائرہ بنائیں

حواس جس سے نکل نہ پائیں

میں اپنے اندر بکھر سا جاؤں

سمیٹنے بھی نہ مجھ کو آئیں

عجب ہے انجان پن بھی ان کا

میں ان کا اور میرا فن بھی ان کا

خموش رہ کر پکارتی ہیں