Muzaffar Mumtaz کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خود سے اکتائے ہوئے اپنا برا چاہتے ہیں (غزل)
خود سے اکتائے ہوئے اپنا برا چاہتے ہیں
بس کہ اب اہل وفا ترک وفا چاہتے ہیں
ان کے ایماں پہ رہا ہے تری قدرت کا مدار
یہی عشاق جو معتوب ہوا چاہتے ہیں
ہم کہ خود سوز ہیں جینے نہیں دیتے خود کو
تو میسر ہے تو کچھ تیرے سوا چاہتے ہیں
پتھرو آؤ کہ نادم ہیں شبیہیں خود پر
آئنے اپنی جسارت کی سزا چاہتے ہیں
زندگی ضبط کی قائل ہے کہ سنتی ہی نہیں
ایسے زخموں کی صدائیں جو دوا چاہتے ہیں
مجھی میں ڈوب گیا دشمنی نبھاتے ہوئے (غزل)
مجھی میں ڈوب گیا دشمنی نبھاتے ہوئے
خدا بھی ہار گیا مجھ کو آزماتے ہوئے
بھٹک نہ جائے وہ دن رات کے اندھیرے میں
میں بجھ رہا ہوں جسے راستہ دکھاتے ہوئے
گزر رہے ہیں شکستوں کے بھیس میں ہم بھی
نئے سفر کے لئے منزلیں بناتے ہوئے
الجھ رہا ہے وہ مجھ سے حقیقتوں کی طرح
میں جھوٹ بول رہا ہوں اسے مناتے ہوئے
یہ رقص کرتی ہوئی روشنی کے سائے ہیں
کہ ہاتھ کانپ رہے ہیں دیا جلاتے ہوئے