مظفر رزمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اس راز کو کیا جانیں ساحل کے تماشائی (غزل)
اس راز کو کیا جانیں ساحل کے تماشائی
ہم ڈوب کے سمجھے ہیں دریا تری گہرائی
جاگ اے مرے ہمسایہ خوابوں کے تسلسل سے
دیوار سے آنگن میں اب دھوپ اتر آئی
چلتے ہوئے بادل کے سائے کے تعاقب میں
یہ تشنہ لبی مجھ کو صحراؤں میں لے آئی
یہ جبر بھی دیکھا ہے تاریخ کی نظروں نے
لمحوں نے خطا کی تھی صدیوں نے سزا پائی
کیا سانحہ یاد آیا رزمیؔ کی تباہی کا
کیوں آپ کی نازک سی آنکھوں میں نمی آئی
کوئی سوغات وفا دے کے چلا جاؤں گا (غزل)
کوئی سوغات وفا دے کے چلا جاؤں گا
تجھ کو جینے کی ادا دے کے چلا جاؤں گا
میرے دامن میں اگر کچھ نہ رہے گا باقی
اگلی نسلوں کو دعا دے کے چلا جاؤں گا
تیری راہوں میں مرے بعد نہ جانے کیا ہو
میں تو نقش کف پا دے کے چلا جاؤں گا
میری آواز کو ترسے گا ترا رنگ محل
میں تو اک بار صدا دے کے چلا جاؤں گا
میرا ماحول رلاتا ہے مجھے آج مگر
تم کو ہنسنے کی فضا دے کے چلا جاؤں گا
باعث امن و محبت ہے اگر میرا لہو
قطرہ قطرہ بخدا دے کے چلا جاؤں گا
عمر بھر بخل کا احساس رلائے گا تمہیں
میں تو سائل ہوں دعا دے کے چلا جاؤں گا
میرے اجداد نے سونپی تھی جو مجھ کو رزمیؔ
نسل نو کو وہ قبا دے کے چلا جاؤں گا
اے ہمارے وطن اے ہمارے وطن (نظم)
اے ہمارے وطن اے ہمارے وطن
تجھ پہ قربان تن تجھ پہ قربان من
کس نے دیکھا حسد کی نظر سے تجھے
آج کیوں تیرے ماتھے پہ آئی شکن
خون دے کر شہیدوں نے پالا تجھے
جان دے کر قفس سے نکالا تجھے
رک نہ پائیں گے پھر اٹھ گئے جو قدم
کھا کے نکلے ہیں عزم جواں کی قسم
چاک ہونے نہ دیں گے ترا پیرہن
جب جواں ہمتوں کو جلال آئے گا
برف شعلوں کی صورت میں ڈھل جائے گا
آگ اگلنے لگیں گے یہ گنگ و جمن
تیری خاطر مخالف سے ٹکرائیں گے
اب نہ آئے تو کب تیرے کام آئیں گے
ہم نے باندھا ہے آج اپنے سر سے کفن