پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مظفر النساء ناز کی غزلیں — Muzafarunnisa Naz Ghazals

مظفر النساء ناز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دلوں کی بات نظر سے کہی نہیں جاتی (غزل)

دلوں کی بات نظر سے کہی نہیں جاتی

کہی بھی جائے تو شاید سنی نہیں جاتی

کسی کے ترک محبت کے بعد بھی اے دوست

خلوص عشق کی شائستگی نہیں جاتی

کبھی کبھی تو نظر کے بھی دیپ بجھتے ہیں

چراغ دل کی مگر روشنی نہیں جاتی

ہے اتنا عام یہاں اپنی روشنی کا چلن

شبوں کے ذہنوں سے کیوں تیرگی نہیں جاتی

اک عمر کٹ گئی سمجھوتہ ہو گیا پھر بھی

مزاج دوست تری بے رخی نہیں جاتی

یہ سچ ہے پیاس نگاہوں کی بجھ تو جاتی ہے

دلوں کی نازؔ مگر تشنگی نہیں جاتی

چراغ جل تو رہے ہیں مگر اندھیرا ہے (غزل)

چراغ جل تو رہے ہیں مگر اندھیرا ہے

نہ جانے شہر میں کیا اور ہونے والا ہے

اندھیرا گھر سہی لیکن بہت اجالا ہے

نہ جانے آج یہاں کون آنے والا ہے

یہ شخص دیکھنے میں اجنبی نہیں لگتا

نہ جانے کون سی بستی کا رہنے والا ہے

نہ گفتگو میں تسلی نہ خامشی میں صدا

سلوک دوست کا انداز ہی نرالا ہے

وہ جس کے واسطے صدیاں گزار دیں ہم نے

وہ ایک لمحہ بہرحال آنے والا ہے

وہ بے نیاز سہی پھر بھی اس سے کہہ دو نازؔ

یہ دل کا رشتہ ہے کب ٹوٹ جانے والا ہے

مزید غزلیں از مظفر النساء ناز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں