Muzaffar Abdali کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بیاباں کو پشیمانی بہت ہے (غزل)
بیاباں کو پشیمانی بہت ہے
کہ شہروں میں بیابانی بہت ہے
مرے ہنسنے پہ دنیا چونک اٹھی
مجھے بھی خود پہ حیرانی بہت ہے
چلو صحرا کو بھی اب آزمائیں
سنا تھا گھر میں آسانی بہت ہے
خدا محفوظ رکھے فصل دل کو
کہیں سوکھا کہیں پانی بہت ہے
کہیں بادل کہیں پیڑوں کے سائے
اجالوں پر نگہبانی بہت ہے
بہکنا میری فطرت میں نہیں پر
سنبھلنے میں پریشانی بہت ہے
ریت پر اک نشان ہے شاید (غزل)
ریت پر اک نشان ہے شاید
یہ ہمارا مکان ہے شاید
شور کے بیچ سو رہی ہے زمیں
مدتوں کی تھکان ہے شاید
درد کا اشتہار چسپاں ہے
زندگی کی دکان ہے شاید
تنہا تنہا نکل پڑے پنچھی
عہد نو کی اڑان ہے شاید
عقل کہتی ہے مر چکا رشتہ
شوق کہتا ہے جان ہے شاید
وہ جہاں پر پگھل رہی ہے دھوپ
ہاں وہیں سائبان ہے شاید
آج وہ مسکرا کے ملتے ہیں
آج پھر امتحان ہے شاید
وہ ایک شام قلم کھو گیا تھا جب میرا (نظم)
وہ ایک شام قلم کھو گیا تھا جب میرا
بہت تلاش کیا ہر طرف ادھر کہ ادھر
مگر قلم کا کہیں پر نشاں نہ ہاتھ آیا
مری تلاش مری کشمکش سے گھبرا کر
مری وہ چھوٹی سی بیٹی مرے قریب آئی
کہ جس نے لکھنا ابھی بس ابھی ہی سیکھا ہے
مرے حوالے کیا اپنی ایک پنسل اور
کہا کہ آپ اسے اپنے واسطے رکھیے
مگر عجیب سا جادو ہے اس کی پنسل میں
سوائے سچ کے جو کچھ اور لکھ نہیں پاتی
وہ ایک شام بہت چاہا کچھ لکھوں لیکن
وہ ایک شام عجب تھی میں کچھ نہ لکھ پایا