Mutrib Baliyavi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
چونک چونک اٹھتا ہوں اے باد صبا رات گئے (غزل)
چونک چونک اٹھتا ہوں اے باد صبا رات گئے
کون دیتا ہے در دل پہ صدا رات گئے
آرزوؤں کے مسلسل کئی بادل برسے
مرے شانے پہ وہ لہرائی گھٹا رات گئے
میرے ہی سینے میں چہرے کو چھپا کر اس نے
دی مری شوخ نگاہی کی سزا رات گئے
دل میں اب تک ہے شفق رنگ خیالوں کا ہجوم
اس کے عارض پہ تھا وہ رنگ حیا رات گئے
اس کے اعجاز تلطف کی تڑپ کیا کہئے
کوئی احساس کا پہلو نہ بچا رات گئے
ہائے یہ رمز سخن آہ یہ انداز فراق
کسمسا اور مری فکر ذرا رات گئے
تھا مرے ہاتھ میں وہ دست حنائی مطربؔ
تھے در دل پہ بھی کچھ نقش حنا رات گئے
رنگ و بو بن کے بہر گام بکھرنا ہوگا (غزل)
رنگ و بو بن کے بہر گام بکھرنا ہوگا
تجھ کو ویرانے سے اے دوست گزرنا ہوگا
زندگی گردش دوراں سے پریشاں ہی سہی
میری خاطر تمہیں اے دوست سنورنا ہوگا
یوں نہ بدلے گا یہ مے خانۂ گیتی کا نظام
دل کو آمادۂ تخریب بھی کرنا ہوگا
اب تو شبنم بھی نہیں حصے میں کچھ غنچوں کے
ان کو خود اپنا لہو پی کے نکھرنا ہوگا
صرف کر دوں گا ہر اک قطرہ لہو کا اپنے
رنگ تصویر گلستاں میں جو بھرنا ہوگا
آج ہے ساز تخیل پہ نظر مطربؔ کی
لحن افکار کو پھر آج سنورنا ہوگا
دوپہر سے جانے کیوں (نظم)
دوپہر سے جانے کیوں
مضمحل تھا دل میرا
تھی عجب سی بے چینی
شام جب قریب آئی
گاؤں سے نکل کر میں
دور تک چلا آیا
اور اک شجر کے پاس
بیٹھ کے بہ خاموشی
گم تھا میں خیالوں میں
دفعتاً اک آہٹ سی
اس طرح ہوئی محسوس
جیسے کوئی تیزی سے
پاس ہی سے گزرا ہو
اور جب نظر اٹھی
ایک عجیب منظر تھا
سامنے شکستہ سا
اک مزار تھا جس پر
اک حسینہ آئی تھی
اس حسینہ کا چہرہ
چاند سے مشابہ تھا
اس کی زلف پر خم میں
حسن تھا گھٹاؤں کا
دیکھتا ہوں بالآخر
وہ حسینہ مرقد پر
اک دیا جلاتی ہے
جس کے نور میں اس کا
چہرہ تمتماتا ہے
گاہے مسکراتی ہے
سوچ کے نہ جانے کیا
لاجونتی کی مانند
خود ہی جھینپ جاتی ہے
گاہے مضمحل ہو کر
آسماں کو تکتی ہے
اشک بہنے لگتے ہیں
شمع کانپ جاتی ہے
آسماں کی جانب پھر
اس کے ہاتھ اٹھتے ہیں
جانے مدعا کیا ہے
جانے کیا تمنا ہے