پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Mustaqeem Arshad کی غزلیں — Mustaqeem Arshad Ghazals

Mustaqeem Arshad کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اندھیرا رات کا اس وقت بوڑھا ہونے والا ہے (غزل)

اندھیرا رات کا اس وقت بوڑھا ہونے والا ہے

دریچے کھول کر دیکھو سویرا ہونے والا ہے

بکھیرا ہے فلک نے زعفرانی رنگ دھرتی پر

درختوں کا ہر اک پتا سنہرا ہونے والا ہے

وہ اپنی دسترس سے اب مجھے آزاد کر دے گا

امیر شہر کے ہاتھوں اجالا ہونے والا ہے

حویلی کا ہر اک گوشہ گلابوں سے مہکتا ہے

کسی مظلوم کی آہوں کا سودا ہونے والا ہے

پرندے گھونسلوں کی لاٹ میں جو سہمے بیٹھے ہیں

کسی طوفاں کی آمد ہے اندھیرا ہونے والا ہے

وہ میری شخصیت پر اب کرے گا تبصرہ شاید

مرے افکار کے رنگوں کا چرچا ہونے والا ہے

بدن میں خون کی اک بوند بھی باقی نہیں ارشدؔ

مری صف میں رقیبوں کا اضافہ ہونے والا ہے

نہ جانے کس نے پلٹ کر یہ دی صدا مجھ کو (غزل)

نہ جانے کس نے پلٹ کر یہ دی صدا مجھ کو

سجھائی دیتا نہیں آگے راستہ مجھ کو

میں اس کے بارے میں سوچوں غرض نہیں لیکن

وہ دیکھنے میں تو اچھا بھلا لگا مجھ کو

ستم کی ناگ پھنی ڈس رہی تھی تنہائی

ترے بغیر اکیلے میں ڈر لگا مجھ کو

اسی کے لمس کی خوشبو بسی ہے سانسوں میں

اے کاش وہ بھی تو اپنے میں ڈھونڈھتا مجھ کو

کسی بھی حال نہ چھوٹے یہ صبر کا دامن

خدائے پاک عطا کر وہ حوصلہ مجھ کو

وہ جس کو جینے کا میں نے شعور بخشا تھا

دکھا رہا ہے وہی شخص آئینہ مجھ کو

ہر ایک سمت ستم ڈھا رہے ہیں ابن یزید

لگے ہے ہند بھی میدان کربلا مجھ کو

میں اس کے واسطے سب کچھ نثار کر دیتا

اگر وہ پیار سے ارشدؔ پکارتا مجھ کو

مزید غزلیں از Mustaqeem Arshad ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں