Mustahsin Khayal کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
فریب ہجر میں لمحے سبھی وصال کے ہیں (غزل)
فریب ہجر میں لمحے سبھی وصال کے ہیں
گئے دنوں کی محبت یہ دن ملال کے ہیں
گئی رتوں کے فسانے ابھی نہیں بھولے
یہ جتنے خواب ہیں آنکھوں میں گزرے سال کے ہیں
یہ اپنا ظرف ہے خاموش ہو گئے ہم لوگ
بہت جواب اگرچہ ترے سوال کے ہیں
اگرچہ وجہ اذیت ہیں اب تو یادیں بھی
مگر یہ سارے فسانے اسی جمال کے ہیں
یہ دھوپ چھاؤں کے منظر خیالؔ دیکھ ذرا
یہ سارے عکس اسی ذات با کمال کے ہیں
یہ ماہتاب یہ سورج کدھر سے آئے ہیں (غزل)
یہ ماہتاب یہ سورج کدھر سے آئے ہیں
یہ کون لوگ ہیں یہ کس نگر سے آئے ہیں
یہی بہت ہے مری انگلیاں سلامت ہیں
یہ دل کے زخم تو عرض ہنر سے آئے ہیں
بہت سے درد مداوا طلب تھے پہلے بھی
اب اور زخم مرے چارہ گر سے آئے ہیں
گرا دیا ہے جسے آندھیوں کے زور نے کل
یہ خوش نوا اسی بوڑھے شجر سے آئے ہیں
رکے نہیں ہیں کہیں قافلے تمنا کے
فراز دار یہ لمبے سفر سے آئے ہیں
ہم اپنے آپ کو کچھ اجنبی سے لگتے ہیں
کہ جب سے لوٹ کر اس کے نگر سے آئے ہیں
ہر ایک خط میں نگینے جڑے ہیں میں نے خیالؔ
بہت سے لفظ مری چشم تر سے آئے ہیں